اس سانپ کا رنگ مکمل طور پر سفید کیوں ہے اور اس طرح کے دنیا میں کتنے سانپ ہیں؟ جواب جان کر آپ کا منہ حیرت کے مارے کھلا کا کھلا رہ جائے گا
لندن (نیوز ڈیسک) دنیا میں کئی رنگوں کے سانپ پائے جاتے ہیں لیکن شاید آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا کہ کسی سانپ کا رنگ مکمل طور پر سفید بھی ہوسکتا ہے۔ دراصل یہ تصور سانپوں پر تحقیق کرنے والے ماہرین نے بھی نہیں کیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ جب برطانیہ کے ناردرن وائلڈ لائف پارک کے منیجر سائمن فرگوسن نے ایک ایسے سانپ کو دیکھا جو مکمل طور پر سفید تھا تو ان کی آنکھیں بھی حیرت سے پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سائمن نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں کہیں بھی مکمل طور پر سفید سانپ ملنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے اگرچہ کچھ لوگوں نے سفید سانپ دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن کبھی بھی اس دعوے کی تصدیق نہ ہوسکی۔
سائمن نے مزید بتایا کہ جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایسا ممکن ہے کہ کوئی سانپ مکمل سفید رنگت کے ساتھ جنم لے لیکن عموماً اس کا زندہ بچنا ممکن نہیں ہوتا۔ یہ حیرتناک اتفاق ہے کہ یہ سفید سانپ کسی طرح زندہ رہنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ سانپ زہریلا نہیں ہے لیکن جب اسے تنگ کیا جائے تو یہ شدید قسم کی بدبو خارج کرتا ہے۔
گزشتہ 12 سال سے سانپوں پر تحقیق کرنے والے سائمن کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس سانپ کی عمر تقریباً دو سال ہے۔ نایاب نسل کے سانپ کو ناردن بیرٹری وائلڈ لائف پارک میں رکھا گیا ہے اور جلد ہی اسے تحقیق اور تجربات کیلئے ماہرین کے حوالے کر دیا جائے گا۔