ممبئی ائیرپورٹ پر معذور لڑکی کیساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کا ایسا سلوک کہ انسانیت شرما گئی
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں عورتوں کے ساتھ بدترین سلوک کی تو کئی خبریں منظرعام پر آ چکی ہیں جن میں تازہ ترین اضافہ ایک معذور لڑکی کیساتھ ائیرپورٹ انتظامیہ کا ایسا سلوک ہے جس نے انسانیت کو بھی شرما دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی کے چتراپتی شیواجی ائیرپورٹ پر سیکورٹی اہلکاروں نے ”حفاظت“ کے نام پر ایک معذور لڑکی کو اپنی مصنوعی ٹانگ اتارنے اور اسے سکیننگ کے عمل سے گزارنے پر مجبور کر دیا۔
انتارا تیلنگ کا کہنا ہے کہ وہ بنگلور جانے کیلئے ممبئی ائیرپورٹ پر پہنچی اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بتایا کہ وہ معذور ہے اور اس کی ایک ٹانگ مصنوعی ہے جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے کہا کہ وہ اپنی جینز اتار کر یہ ثابت کرے کہ اس کی ٹانگ واقعی مصنوعی ہے اور بعد میں اسے ٹانگ اتار کر سکیننگ کے عمل سے گزارنے پر بھی مجبور کیا گیا۔
انتارا نے تمام تر واقعے کے بعد اپنے ”ٹوئٹر“ اکاﺅنٹ پر جاری ایک طنزیہ پیغام میں کہا کہ ”شاباش! معذور مسافروں کیساتھ امتیازی سلوک جاری رکھیں“۔ اس نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ”ممبئی ائیرپورٹ پر اسے مصنوعی ٹانگ اتارنے پر مجبور کیا گیا، پھر اس ٹانگ کو سکیننگ کے عمل سے گزارا گیا، یہ سب بہت تکلیف دہ تھا، میں اپنے آنسوﺅں پر قابو نہ رکھ سکی“۔
انتارا کا کہنا ہے کہ ممبئی ائیرپورٹ پر اس کے ساتھ کم و بیش 8 مرتبہ اس طرح کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ اس کے مطابق وہ ملک کے دیگر ائیرپورٹس جیسے کہ دہلی اور بنگلور سے بھی سفر کر چکی ہے لیکن وہاں کی انتظامیہ نے ہمیشہ مصنوعی ٹانگ کا پتہ چلانے والے آلات کا بندوبست کیا تاہم ممبئی ائیرپورٹ پر ایسا نہ ہوا۔
اس سب معاملے پر جب ”سینٹرل انڈین سیکیورٹی فورس“ سے بات کی گئی تو انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ” ہم کسی کو جوابدہ نہیں ہیں اور ہم کسی ایک شخص کیلئے دوسروں کا تحفظ داﺅ پر نہیں لگا سکتے۔ ہم نے حکومت کی ہدایات پر عمل کیا اور اس واقعے کے بعد معذور افراد کی سکیننگ کیلئے کوئی نیا طریقہ اختیار نہیں کیا جائے گا“۔