ڈولی کی کہانی کا ڈراپ سین،محبوب مل گیا، چین واپسی کیلئے تیار

ڈولی کی کہانی کا ڈراپ سین،محبوب مل گیا، چین واپسی کیلئے تیار
ڈولی کی کہانی کا ڈراپ سین،محبوب مل گیا، چین واپسی کیلئے تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مظفر گڑھ کے علاقے علی پور کا امین چین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے گیا تو ایک چینی لڑکی کو اس کے ساتھ محبت ہوگئی اورشادی کے سپنے سجا کر اسے ڈھونڈتی ہوئی پاکستان میں امین کے گھر پہنچ گئی معاملہ جب شدت اختیار کرگیا تو پولیس نے دونوں کا ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کرایا پاکستانی لڑکے کی ملاقات کی یقین دہانی پر چینی دوشیزہ نے اپنے وطن واپس جانے کی حامی بھرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ماہ سے پاکستان میں اپنے محبوب کو ڈھونڈتی چینی لڑکی ڈولی کو علی پور پولیس نے گرفتار کرکے چینی سفارتخانے اسلام آباد منتقل کیا تو کچھ دن بعد وہ پھر سے علی پور جاپہنچی ۔چینی دوشیزہ ڈولی نے پاکستان میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ڈولی کا کہنا ہے کہ امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا تھا اب پورا کرنا ہی ہو گا۔ڈولی نے چین واپس جانے سے انکار کر دیا ۔ اس نے بتایا کہ اس کی پاکستانی امین جتوئی سے چین میں ہی دوستی ہوئی جو محبت میں تبدیل ہو گئی۔مظفر گڑھ کے امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا جو پورا نہ ہوا جس کی وجہ سے پیچھے پیچھے چلی آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی لڑکی ڈولی کی پاکستانی نوجوان سے محبت کی کہانی میں نیا موڑاس وقت آیا جب اس کا پاکستانی محبوب امین محبت سے ہی مکر گیا۔ امین جتوئی نے کہا ہے کہ ڈولی سے دوستی تھی محبت نہیں‘ اب وہ بدنام کرنے کے لیے الزامات لگا رہی ہے۔ امین جتوئی نے بتایا کہ ڈولی اچھی دوست تھی مگر سنجیدہ ہو گئی‘ نظرانداز کیا تو پاکستان چلی گئی‘ اب تنگ کر رہی ہے۔چین میں تعلیم حاصل کررہا ہوں، ڈولی نے مجھ سے فون نمبر لیااور فیس بک کے ذریعے میرے گھر کا پتا معلوم کیا جبکہ میرے خاندان کو بلیک میل کیا۔
امین جتوئی نے بتایا کہ ڈولی مجھے چین میں بھی تنگ کرتی رہی ہے اور اس کی وجہ سے مجھے 2 ماہ کیلئے سکول سے بھی نکالا گیا ہے۔ ڈولی کے ساتھ میری صرف ایک سیلفی ہے اگر وہ مجھے پسند کرتی ہے تو میرا کیا قصور ہے، گھر والوں سے پیسے لینے کے بعد ڈولی اسلام آباد چلی گئی ، پیسے ختم ہوئے تو دوبارہ علی پور پہنچ گئی، میں نے شادی کی یقین دہانی نہیں کرائی۔
امین جتوئی نے کسی قسم کے مالی معاملات اور جائیداد فروخت کرنے کے ڈولی کے دعوے کی تردید کر دی اور کہا کہ ڈولی بدنام کر رہی ہے‘ اس کے سوا کچھ نہیں۔ دوسری جانب ڈولی کہتی ہے امین کی خاطر سب کچھ لٹا کر پاکستان آئی جبکہ وہ چینی سفارتخانے جانے کو بھی تیار نہیں تھی اور اس نے میڈیا کی طرف سے ویڈیو بنانے پر سرکٹ ہاؤ س سے بھاگنے کی بھی کوشش کی ۔
معاملات کے زیادہ بگڑنے پر پولیس نے ڈولی کا امین جتوئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کرایا ۔ امین جتوئی نے ڈولی کو چین میں ملاقات کی یقین دہانی کرائی جبکہ چین میں ایئر پورٹ پر استقبال کرنے کا کہا جس پر ڈولی واپس جانے پر رضامند ہوگئی لیکن ڈولی کے پاس چین واپسی کے پیسے نہیں تھے جس پر امین جتوئی کے گھر والوں نے ڈولی کے ایئر ٹکٹ کے انتظامات کردیے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -