’پائلٹ کے اس جھوٹ کے باعث مسافر طیارہ تباہ ہوا‘ برازیلین کھلاڑیوں کے جہاز کی تباہی کی ایسی وجہ سامنے آگئی جو کسی نے سوچی بھی نہ تھی
بوگوٹا(مانیٹرنگ ڈیسک) کولمبیا میں گر کر تباہ ہونے والے برازیلی ٹیم کے طیارے کی تحقیقات میں روز بروز پیشرفت سامنے آ رہی ہے۔ گزشتہ روز معلوم ہوا تھا کہ پائلٹ نے ایندھن بھروانے کے لیے بولیویا اور برازیل کے بارڈر پر واقع ایئرپورٹ پر لازمی سٹاپ کرنا تھا جو اس نے نہیں کیا اور ایندھن لیے بغیر ہی کولمبیا پہنچنے کی کوشش کی لیکن ایئرپورٹ پر پہنچنے سے قبل ہی اس کا ایندھن ختم ہو گیا اور وہ گر کر تباہ ہو گیا۔ اب مزید تحقیقات میں پائلٹ کی ایک اور سنگین غلطی کا انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے حکام نے بتایا ہے کہ ’’اس بدقسمت طیارے کے پائلٹ نے اپنی روانگی کی جگہ کے متعلق بھی جھوٹ بولا تھا۔ اس نے اصل جگہ کی بجائے وہاں سے شمال میں 500میل دور ’سانتا کروز‘ بتائی تھی، حالانکہ یہ پرواز ہوویخا(Cobija)سے روانہ ہوئی تھی۔‘‘
رپورٹ کے مطابق پائلٹ کیوروگا کاسانتا کروز سے میڈلین تک کا اصل فلائٹ پلان 4گھنٹے 22منٹ کا تھا۔ اس نے کولمبیا کے حکام کو بتایا کہ اس کا جہاز بھی اس ایندھن میں 4گھنٹے 22منٹ ہی پرواز کر سکتا ہے، چنانچہ اس کے پاس غلطی کا صفر مارجن ہے۔ لیکن کولمبیا حکام کو جو دستاویزات دی گئی ہیں ان میں لامیا ایئرلائنز، جس کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، نے بتایا ہے کہ پرواز کوبیجا سے روانہ ہوئی تھی، جو پائلٹ کیوروگا کی بتائی ہوئی جگہ کی نسبت میڈلین کے 500میل قریب ہے، جس سے اس کے پاس 90منٹ مزید پرواز کرنے کا ایندھن بچتا ہے۔ لہٰذا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارے میں ابھی ایندھن موجود تھا۔
کولمبین میڈیا کی رپورٹس میں اس تباہ ہونے والے طیارے کے متعلق مزید کئی انکشافات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سے قبل بھی اگست سے اب تک 4پروازوں میں اسی طیارے کا ایندھن ختم ہو گیا تھا۔ ان چاروں پرواز میں اس طیارے نے ایک ہی بار ایندھن لے کر 1750سے 1848میل کا سفر طے کیا جبکہ طیارے کی زیادہ سے زیادہ حد 1842میل ہے۔ 4نومبر کو یہی طیارہ سانتا کروز سے میڈلین تک بغیر ایندھن کا سٹاپ کیے 4گھنٹے 33منٹ میں، ایندھن ختم ہونے سے صرف ایک منٹ قبل پہنچا تھا۔