جہاز میں سفر کے دوران کان میں درد کیوں ہوتا ہے اور اس سے بچا کیسے جاسکتا ہے؟ آپ بھی جانئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)اکثر فضائی مسافروں کو جہاز کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت کان میں شدید درد ہونے لگتا ہے اور ایسے لگتا ہے جیسے کان بند ہو گیا ہو۔ اب ایک ڈاکٹر نے اس طرح کان میں درد ہونے کی اصل وجہ بیان کر دی ہے اور اس کا علاج بھی بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ایلی کینن نے بتایا ہے کہ ”لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت کان میں درد ہونے کی وجہ کان کے پردے کے اندرونی اور بیرونی طرف ہوا کے دباﺅ کا مختلف ہوجانا ہے۔ ان دونوں اوقات میں کان کے پردے کے بیرونی طرف ہوا کا دباﺅ زیادہ ہو جاتا ہے اور اندر کی طرف کم، جس کے باعث پردہ اندر کی طرف زیادہ کھنچ جاتاہے جس کی وجہ سے اس میں درد ہونے لگتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کان بند ہو گیا ہے۔“
ڈاکٹر ایلی کا مزید کہنا تھا کہ ”بہت سے لوگ لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت کان بند ہونے کی صورت میں کان کو روئی وغیرہ سے صاف کرکے کھولنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہوا کے دباﺅ کے باعث کان میں ہونے والے درد اور اس کی عارضی بندش کی صورت میں روئی وغیرہ بالکل بے اثر ہوتی ہیں۔ایسے میں decongestants، antihistamines یا nasal steroid sprays جیسی ادویات کا استعمال مو¿ثر ثابت ہوتا ہے اور کان کے درد سے نجات مل جاتی ہے اور اس کے بند ہونے کا احساس بھی جاتا رہتا ہے۔ لیکن اگر آپ کوئی دوااستعمال نہیں کرتے تب بھی ٹیک آف یا لینڈنگ کے 10منٹ بعد تک یہ درد رہتا ہے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ خودبخود ٹھیک ہونا شروع ہوجاتا ہے اور اگلے چند منٹ میں بالکل ٹھیک ہو جاتا ہے۔“