امریکی ڈرون کا توڑ، ایسی فوج میدان میں آگئی جو ڈرون کو زمین بوس کردے گی یہ فوج انسانوں پر مشتمل نہیں بلکہ ۔۔۔
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈرون ٹیکنالوجی حربی تاریخ کا جدید اور خطرناک ترین ہتھیار ثابت ہو رہا ہے جو بغیر پائلٹ کے کسی بھی جگہ جا کر دشمن کو نشانہ بناتا ہے۔ افغانستان کی جنگ میں بھی امریکہ نے انتہائی اہم اہداف ڈرون طیاروں کے ذریعے حاصل کیے جہاں اس کا دیگر اسلحہ نہیں پہنچ پایا تھا۔اب دنیا میں ایک ملک نے اس ڈرون ٹیکنالوجی کا توڑ بھی دریافت کر لیا ہے جس کے بعد یہ بے اثر ہو کر رہ جائیں گے۔ ڈی ڈبلیو ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ ملک فرانس ہے جس نے دشمن کے ڈرون طیاروں سے نمٹنے کے لیے عقابوں کی ایک فوج تیار کر لی ہے جو فضاءمیں ہی ڈرون کو دبوچ کر زمیں بوس کر دیا کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق فرانسیسی فوج نے سدھائے گئے ان سنہری عقابوں کا گزشتہ دنوں تجربہ بھی کیا جو انتہائی کامیاب رہا۔ فرانس کے جنوبی علاقے مونٹ ڈی مارسن میں فضائیہ کے اڈے پر کیے گئے اس تجربے میں دو ڈرون طیارے فضاءمیں چھوڑے گئے۔ ایسے میں فوج نے دو سدھائے گئے عقابوں کو 200میٹر کے فاصلے پر ایک ٹاور پر بٹھا رکھا تھا۔ جونہی یہ ڈرون فضاءمیں بلند ہوئے، ان پر عقاب جھپٹ پڑے اور 20سیکنڈ کے اندر انہیں اپنے پنجوں میں دبوچ کر زمین پر لا پھینکا۔ عقابوں کی اس سکوارڈن کو”ڈی آرٹاگنن“کا نام دیا گیا ہے جس میں فی الحال چار عقاب مقرر کئے گئے ہیں۔مونٹ ڈی مارسن میں عقابوں کے یونٹ کے کمانڈر کرسٹوفر کا کہنا تھا کہ” رواں سال کے وسط تک اس سکوارڈن میں 4 نئے عقاب شامل کئے جائیں گے۔“