برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر ایک جانب دنیا پریشان اور دوسری جانب چینی شہریوں نے ایسا کام کردیا کہ جان کر آپ کیلئے بھی ہنسی روکنا مشکل ہوجائے گا
بیجنگ (نیوز ڈیسک) برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی لاکھوں افراد کے لئے ایک المیہ ثابت ہوئی ہے اور یہ پیشگوئیاں کی جارہی ہیں کہ برطانیہ کا مستقبل غیر یقینی ہوگیا ہے لیکن دوسری جانب چینی عوام بہت خوش ہیں کیونکہ برطانوی پاﺅنڈ کی قدر کم ہونے پر چینی شہری دل کھول کر شاپنگ کررہے ہیں۔
اخبار دی گارڈین کے مطابق چینی میڈیا بھی اپنے عوام کو برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کا روشن پہلو دیکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے بتارہا ہے کہ برطانوی کرنسی کی قیمت گرنے کے بعد ان کے لئے شاندار شاپنگ کا وقت شروع ہوچکا ہے۔ شینزن شہر سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ چینی خاتون شیاﺅ فو نے اخبار ساﺅتھ چائنا مارننگ پوسٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ برطانوی ریفرنڈم کے بعد انہوں نے پہلا کام یہ کیا کہ وہ مشہورکمپنی بربیری کی ویب سائٹ پر گئیں جہاں ان کے پسندیدہ خوبصورت کوٹ کی قیمت میں 9فیصد کی کمی ہوچکی تھی اور اب یہ غیر متوقع ڈسکاﺅنٹ پر دستیاب تھا۔ ان کا کہنا تھا ”برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی میرے لئے تو بہت اچھی ثابت ہوئی ہے۔“
ایک اور چینی خاتون یویران نے اخبار گلوبل ٹائم سے بات کرتے ہوئے کہا ”میں تو خوشی سے دیوانی ہوگئی ہوں کیونکہ میں اپنا پسندیدہ لوئی ویٹن ہینڈ بیگ کم قیمت پر خرید سکتی ہوں۔ میں اسے جلدی خرید لوں گی اس سے پہلے کہ قیمتیں دوبارہ بڑھ جائیں۔“
پاکستانی کرنسی روپے کی دلچسپ کہانی، ایسی باتیں جو جان کر آپ کو شدید حیرت ہوگی
چینی ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کے نتیجے میں برطانوی پاﺅنڈ گزشتہ 30سال کی کم ترین سطح پر آچکا ہے جس کے نتیجے میں ناصرف چینی شہری ملک کے اندر دل کھول کر شاپنگ کررہے ہیں بلکہ بیرون ملک سیاحت کے لئے جانے والے چینی شہری بھی برطانوی کرنسی کی قدر میں ہونے والی کمی کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں۔ شاپنگ اور سیاحت کرنے والوں کے علاوہ برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے والے چینی نوجوانوں کو بھی برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت میں اچانک کمی کا فائدہ ہوا ہے اور ان کی فیسیں اور دیگر تعلیمی اخراجات میں واضح کمی آ گئی ہے۔