آدمی کی میکڈونلڈز کا برگر ایسے طریقے سے کھانے کی کوشش کہ فوری موت واقع ہوگئی، آپ بھی ہمیشہ احتیاط کریں
لندن (نیوز ڈیسک) آپ نے بندوق، پستول یا خنجر جیسے ہتھیاروں سے لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں تو ضرور سنی ہوں گی لیکن یہ کبھی نہیں سنا ہوگا کہ میکڈونلڈز کے برگر کے ہاتھوں کوئی شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ برطانیہ میں پیش آیا جہاں 29 سالہ نوجوان ڈیرن برے میکڈونلڈز کا پورا برگر ایک ہی لقمے میں نگلنے کی کوشش میں زندگی ہار گیا۔
اخبار ”میٹرو“ کے مطابق ساﺅتھ ویلز سے تعلق رکھنے والا ڈیرن اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی میں شریک تھا۔ اس نے کافی مقدار میں شراب پی رکھی تھی اور اپنے دوستوں کو متاثر کرنے کے لئے عجیب و غریب حرکات کررہا تھا۔ پارٹی میں شریک سیم ڈس گروو نے بتایا کہ ڈیرن نے اچانک ایک میکڈونلڈز چیز برگر اٹھایا اور سب کی توجہ اپنی طرف مرکوز کروانے کے بعد بولا ”دیکھو میں کیا کرنے لگا ہوں؟“۔ اس کے بعد ڈیرن نے برگر کو دوہرا کیا اور اپنے منہ میں ٹھونسنا شروع کردیا۔ سیم کا کہنا ہے کہ جب وہ تقریباً پورا برگر اپنے منہ میں ٹھونس چکا تھا تو اچانک اس کا رنگ نیلا پڑنا شروع ہوگیا اور وہ زور سے سانس لینے کی کوشش میں تڑپنے لگا۔ اس کے دوستوں نے اسے ہلانے جلانے اور اس کی کمر تھپتھپانے جیسی تمام کوششیں کیں مگر اس کا سانس بحال نہ ہوا۔
مزید پڑھیں: اس طرح کے بسکٹس میں سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟ ایسی وجہ کہ آپ نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا
اسی دوران ایمرجنسی اہلکاروں کو بھی اطلاع کردی گئی، جو بروقت پہنچ تو گئے لیکن نوجوان کی جان بچانے میں کسی طور کامیاب نہ ہو سکے۔ ڈیرن کا معائنہ کرنے والی ڈاکٹر ریانون ٹریفر کا کہنا تھا کہ نوجوان کے گلے سے نیچے برگر 5x8 سینٹی میٹر کے گولے کی صورت میں پھنساہوا تھا، جس کی وجہ سے اس کی سانس کی نالی بند ہوگئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں فوری موت یقینی ہوتی ہے، اور یہی اس نوجوان کے ساتھ ہوا۔ افسوسناک حماقت کا نشانہ بننے والا نوجوان تین بچوں کا باپ تھا۔