مردانگی دکھانےوالے مردوں کا پول کھل گیا،سائنسدانوں نے ایسی حرکتوں کے پیچھےچھپی شرمناک وجہ بتا دی
نیویارک (نیوز ڈیسک) کچھ لوگ بڑی بڑی باتیں کرکے اور دنگا فساد کرکے اپنی مردانگی کا اظہار کرتے پھرتے نظر آتے ہیں لیکن دراصل ان کی اصلیت بہت مختلف ہوتی ہے، جس کا پردہ ایک حالیہ سائنسی تحقیق نے فاش کردیا ہے۔
کارنیل یونیورسٹی کی ایک نفسیاتی تحقیق کے دوران مردوں کے ایک گروپ کو بتایا گیا کہ ایک سوالنامے کے جوابات نے ظاہر کیا ہے کہ ان کے رویے میں زنانہ پن غالب ہے۔ یہ معلومات فراہم کرنے کے بعد ان مردوں سے جنگ، مہنگی اور بڑی گاڑیوں کی خریداری اور دنگا فساد جیسی سرگرمیوں میں شمولیت کے بارے میں رائے لی گئی۔ سائنسدانوں نے معلوم کیا کہ جن مردوں کو یہ بتایا گیا تھا کہ ان کے رویے میں زنانہ پن غالب ہے وہ اپنی اس کمزوری پر پردہ ڈالنے کے لئے مردانگی کا ضرورت سے زیادہ اظہار کرنے لگے۔ ان مردوں نے جنگ کے حق میں باتیں کیں، بڑی اور مہنگی گاڑیاں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی اور اسی طرح لڑائی جھگڑے کی صورت میں صلح جوئی کی بجائے سخت اور جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا اظہار کیا۔ جن مردوں کو بتایا گیا تھا کہ ان کا رویہ مردانہ ہے انہوں نے زیادہ متوازن اور پرامن خیالات پر مبنی آراءدیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق ثابت کرتی ہے کہ جو مرد اپنی مردانگی کے بارے میں شکوک و شبہات اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوتے ہیں وہ عام طور پر دوسروں کے سامنے مرد نظر آنے کی زیادہ کوشش کرتے ہیں اور جارحانہ گفتگو، گالم گلوچ اور لڑائی جھگڑے جیسے رویوں کا مظاہرہ کرتے ہیں تاکہ کوئی ان کی اندرونی کمزوری کو بھانپ نہ لے۔ تو اب اگر آپ کو کوئی شخص ضرورت سے زیادہ مردانگی کا مظاہرہ کرتا نظر آئے تو سمجھ جائیے کہ دراصل اسے اپنی مردانگی پر شک ہوچکا ہے۔