’پچھلے کچھ عرصے میں میرا وزن کئی کلو بڑھ گیا، وزن بڑھتے ہی میں نے دیکھا کہ مجھ سے بات کرتے ہوئے لوگوں کے رویے میں یہ تبدیلی آگئی ہے‘ اپنے وزن سے پریشان خاتون نے اپنا ایسا دکھ بتادیا جو صرف موٹے لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپا ایک خطرناک بیماری ہے جس کے کئی نقصانات ہیں لیکن گزشتہ دنوں ایک برطانوی خاتون نے اس کا ایک ایسا نقصان بتا دیا کہ انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق موٹاپے کے مضر اثرات اس کا شکار فرد ہی بھگتتا ہے یا کسی حد تک اس کے خاندان والے ا س سے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن اس خاتون نے ایک انوکھی منطق وضع کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جب سے وہ موٹاپے کا شکار ہوئی ہے اجنبی لوگ بھی اس سے عجیب نفرت انگیز روئیے کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں۔ گویا اس خاتون کی نظر میں موٹاپے کا یہ نقصان بھی ہے کہ اس کے باعث لوگوں کا آپ کے ساتھ رویہ منفی ہو جاتا ہے۔
’میرے ساتھ یہ انتہائی شرمناک کام کیا گیا جس وجہ سے میں اتنا موٹا ہوگیا‘ 300 کلو وزنی آدمی نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کا بھی دل ٹوٹ جائے گا
رپورٹ کے مطابق خاتون نے یہ بات ماﺅں کی ویب سائٹ Mumsnetپر پوسٹ کی، جس میں اس نے لکھا کہ ”جب میں سلم سمارٹ تھی تواجنبی لوگ مجھ سے بہتر سلوک کرتے تھے لیکن جب سے میں موٹاپے کا شکار ہوئی ہوں تو ان کا رویہ بھی تبدیل ہو گیا ہے۔“ خاتون نے اس کی ایک عجیب مثال بھی بیان کی۔ اس نے لکھا کہ ”گزشتہ روز میں گلی میں جا رہی تھی کہ ایک خاتون نے راستہ لینے کے لیے مجھے دھکا دے کر ایک طرف کر دیا۔“ویب سائٹ پر بعض خواتین نے اس کی ہاں میں ہاں ملائی ہے۔ ایک نے لکھا ہے کہ ”کچھ عرصہ قبل تک میں بہت موٹی تھی۔ پھر میں نے اپنے وزن میں 30پاﺅنڈ کمی کر لی جس پر ملبوسات کی دکان پرموجود اسسٹنٹس کا رویہ میرے ساتھ تبدیل ہو گیا۔ پہلے وہ مجھے نظر انداز کرتے تھے۔ اب میں جاتی ہوں تو فوراً مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔“ تاہم اکثر کا کہنا ہے کہ موٹاپے کے باعث اجنبیوں کے روئیے میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔ یہ خیال محض اس خاتون کے ذہن کی پیداوار ہے۔ایک خاتون نے لکھا کہ ”اب میں بھی بہت موٹی ہو چکی ہوں لیکن میرے ساتھ تو اجنبیوں کے روئیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔“