میاں بیوی کے جھگڑے نے جہاز کا رُخ تبدیل کروادیا اور پھر۔۔۔
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ایک فضائی مسافر کو دوران پرواز بیوی پر تشدد کرنے اور پائلٹ کو پرواز کا رخ موڑنے پر مجبور کرنے کے الزام میں بوسٹن ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ برٹش ایئرویز کی فلائٹ 195صبح 10بج کر 33منٹ لندن کے ہیتھروایئرپورٹ سے ٹیکساس جانے کے لیے روانہ ہوئی۔ فلائٹ کے پرواز کرنے کے کچھ ہی دیر بعد 48سالہ ڈیرین ہیلی ویل نے اپنی بیوی پر تشدد کرنا شروع کر دیا، جب مسافروں نے اسے تشدد سے روکا تو اس نے مزید ہنگامہ آرائی کی اور پائلٹ کو کہا کہ وہ جہاز کو ٹیکساس کی بجائے بوسٹن لے چلے۔ جب اس کی ہنگامہ آرائی حد سے بڑھی تو دیگر مسافروں نے بھی پائلٹ سے درخواست کی کہ وہ فلائٹ بوسٹن ایئرپورٹ پر اتار دے تاکہ اس شخص سے جان چھڑائی جا سکے۔
مزید پڑھیں: شادی کے کتنے سال بعد میاں بیوی سب سے زیادہ ناخوش ہوتے ہیں؟ تحقیق نے بتا دیا
پائلٹ نے سہہ پہر کے وقت فلائٹ بوسٹن کے لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار دی جہاں رن وے پر ہی پولیس کی دو گاڑیاں ملزم کی منتظر تھیں۔ پولیس اہلکاروں نے اترتے ہی ڈیرین ہیلی کو ہتھکڑیاں پہنائیں اور ساتھ لے گئے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم پر فی الحال فلائٹ کے عملے کے کام میں مداخلت کرنے کا الزام ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ اس پر خاتون پر تشدد کی دفعہ بھی لگا دی جائے۔ ملزم کے خاتون پر تشدد اور فلائٹ کا رخ موڑنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔