’مجھے ایک گاڑی کی ڈگی میں اغوا کر کے لے جایا جارہا ہے‘ خاتون کا اپنے گھر والوں کو میسج، لیکن پھر پولیس کو اطلاع کی گئی تو حقیقت کیا نکلی؟ جان کر پولیس والوں کے بھی ہوش اُڑ گئے

ڈیلی بائیٹس

پیرس(نیوز ڈیسک)فرانس میں ایک خاتون نے اپنے ایک محبوب کو چکر دے کر دوسرے سے ملنے کے لئے اپنے ہی اغواءکا ڈرامہ رچا ڈالا، مگر اس کی چالاکی پکڑی گئی اور اب وہ اگلے چھ ماہ جیل میں گزارے گی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ حیرت انگیز ’کارنامہ‘ سیاسی پارٹی نیشنل فرنٹ کی 25 سالہ کارکن سینڈی گلرڈ نے سرانجام دیا ہے۔ سینڈی کی اپنے خاوند سے علیحدگی ہوچکی ہے اور وہ ایک بوائے فرینڈ کے ساتھ روٹورٹ ڈی رینڈن کے علاقے میں ایک فلیٹ میں رہ رہی تھی۔ اسی دوران اس نے ایک اور نوجوان سے بھی تعلق استوار کر لیا اور اپنے بوائے فرینڈ کی نظروں سے بچ کر کچھ وقت اس کے ساتھ بھی گزارنا چاہ رہی تھی۔ وہ جس بوائے فرینڈ کے ساتھ رہ رہی تھی اسے بتائے بغیر دوسرے نوجوان کے پاس چلی گئی اور بوائے فرینڈ کو میسج کر دیا کہ ”مجھے اغوا کرلیا گیا ہے اور اغواءکار مجھے کار کی ڈگی میں ڈال کر کسی نامعلوم مقام پر لے جا رہے ہیں ۔“

6 سال میں خاتون کا مسلسل 5 مرتبہ حمل ضائع ہوگیا، پھر بالآخر اصل وجہ سامنے آئی تو حیران پریشان رہ گئی، یہ تو سوچا ہی نہیں تھا کہ۔۔۔
بیچارے بوائے فرینڈ نے پریشان ہوکر پولیس کو اطلاع کر دی، جس کے بعد سرچ آپریشن شروع ہوا اور 24 گھنٹے تک درجنوں سپاہی سینڈی کو تلاش کرتے رہے جبکہ اس آپریشن میں ہیلی کاپٹر کی مدد بھی لی گئی۔اگلے دن وہ خود ہی واپس آگئی اور اپنے بوائے فرینڈ سے کہنے لگی کہ اغواءکاروں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ بوائے فرینڈ یہ دیکھ کر حیران تھا کہ اغواءکے بعد وہ پہلے سے زیادہ خوش اور مطمئن نظر آ رہی تھی، بس اسی بات نے اس کے دل میںشک پیدا کر دیا۔
دریں اثناءپولیس بھی لڑکی کی واپسی کی اطلاع پا کر اس سے پوچھ گچھ کرنے آ گئی۔ انہیں بھی صاف نظر آ رہا تھا کہ اصل معاملہ کچھ اور ہے۔ جب تفتیش کی گئی تو بالآخر یہ انکشاف سامنے آ گیا کہ سینڈی نے اپنے پہلے بوائے فرینڈ کو دھوکہ دے کر دوسرے کے ساتھ ایک دن گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا، اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے اغواءکا ڈرامہ کیا۔ عدالت نے اس ڈرامے بازی اور پولیس کا وقت و ذرائع برباد کرنے پر اسے چھ ماہ قید کے ساتھ پانچ ہزار یورو (تقریباً 6لاکھ پاکستانی روپے) کا جرمانہ بھی کیا ہے۔