کیا کسی اجنبی کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے سے آپ کا فیس بک اکاﺅنٹ ہیک ہوسکتا ہے؟
سان فرانسسکو(نیوز ڈیسک)کیا آپ کو بھی فیس بک پر یہ میسج موصول ہوا ہے کہ ’جیڈن کے سمتھ‘ کی جانب سے فرینڈ ریکویسٹ آئے تو اسے ہرگز قبول نہ کریں؟ لوگوں کو اس میسج میں بتایا جارہا ہے کہ جیڈن کے سمتھ ایک ہیکر ہے اور اگر آپ اس کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کریں گے تو آپ کا فیس بک اکاﺅنٹ ہیک ہوجائے گا۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے کے دوران یہ میسج وائرل ہوچکا ہے اور لاکھوں فیس بک صارفین اسے اپنے دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں تاکہ انہیں ہیکر جیڈن کے سمتھ سے بچاسکیں۔ میسج میں خاص طور پر یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ اسے وصول کرنے والا اپنے دوستوں اور عزیزوں کو اس خطرے سے خبردار کرے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جارہا ہے۔
نوجوان لڑکی نے اپنی لمبی ٹانگوں سے مشکل ترین پرچہ منٹوں میں مکمل کر ڈالا
دوسری جانب حقیقت یہ ہے کہ یہ میسج بالکل فراڈ ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ جیڈن کے سمتھ نامی کسی بھی فیس بک اکاﺅنٹ سے دوسروں کو مشکوک یا خطرناک میسج بھیجنے یا ہیکنگ جیسی کسی سرگرمی میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ فیس بک کی طرف سے یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ محض کسی کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے سے آپ ہیکنگ کا نشانہ نہیں بن سکتے۔
آئی ٹی ویب سائٹ snope.com کا کہنا ہے کہ جیڈن کے سمتھ فراڈ میسج کسی نہ کسی صورت میں گزشتہ چار سالوں سے گردش کررہا ہے لیکن حالیہ دنوں میں اس کے پھیلاﺅ میں شدت آگئی ہے۔ مختلف اوقات پر یہ میسج جیڈن کے سمتھ کے علاوہ دیگر کئی ناموں کے ساتھ بھی پھیلایا گیا ہے۔