دنیا بھر کے مسافروں نے 2015ءمیں کس ائیرپورٹ کا استعمال کیا؟ حیران کن فہرست جاری کردی گئی
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی ائیرپورٹ سال 2014ءمیں لندن کے ہیتھرو ائیروپورٹ کو پیچھے چھوڑتا ہوا دنیا کامصروف ترین ائیرپورٹ بن گیا تھا، اور 2015ءکے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ایک بار پھر دنیا بھر کے مسافروں کی منزل رہا اور توقع کی جا رہی ہے کہ مسلسل دوسرے سال بھی اسے دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ قرار دیا جائے گا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق گزشتہ سال جنوری سے نومبر تک دبئی ائیرپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کی اوسط تعداد تقریباً 65لاکھ مسافر ماہانہ رہی، اور ان 11ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق کل 7 کروڑ سے زائد مسافروں نے اس ائیرپورٹ کے ذریعے سفر کیا۔ ان اعدادوشمار کے مطابق دبئی ائیرپورٹ کی 11 ماہ کی ٹریفک ہیتھرو ائیرپورٹ کی پورے سال کی ٹریفک سے زیادہ ہے۔ دسمبر کے اعدادوشمار شامل کرنے کے بعد سال بھر کی مسافروں کی تعداد تقریباً پونے 8کروڑ سے زائد متوقع ہے۔ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 2014ءمیں کل 2217135 ٹن سامان لایا لیجایا گیا جبکہ 2015ءکے لئے یہ مقدار 2287167 ٹن رہی، یعنی سامان کی نقل و حمل میں بھی 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مزید جانئے: سعودی عرب میں گھروں سے بھاگ جانے والی لڑکیوں پر تحقیق، انتہائی پریشان کن انکشاف سامنے آگیا
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں اور سامان کی تعداد اور مقدار میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ائیرپورٹ اپنی عالمی نمبر ون پوزیشن کو ناصرف برقرار رکھے گا بلکہ آنے والے وقت میں اسے مزید مستحکم کرے گا اور فی الحال دنیا میں اسے چیلنج کرنے والا کوئی اور ائیرپورٹ نظر نہیں آتا۔