نیا تنازعہ، سعودی عرب میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا کہ دنیا میں ہنگامہ برپا ہوگیا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی میڈیا نے انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب میں 10 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا پانے والے انسانی حقوق کارکن رائف بداوی کی بہن ثمر بداوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کا کہنا ہے کہ ثمر بداوی، جو کہ خود بھی ایک نمایاں انسانی حقوق کارکن ہیں، کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا، اور خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ انہیں اپنے خاوند ولید ابو الخیر کی رہائی کے لئے مہم چلانے پر گرفتار کیا گیا۔ ولید ابو الخیر بھی انسانی حقوق کارکن ہیں اور انہیں خلاف قانون سرگرمیوں کا مرتکب قرار دے کر 15سال قید کی سزا دی جاچکی ہے۔
اخبار کے مطابق ثمر بداوی پر عائد کئے گئے الزامات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ کے نمائندہ نے ثمر بداوی کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثمر بداوی سے ایک پراسیکیوٹر کی درخواست پر ایک پولیس سٹیشن میں تفتیش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: وہ لڑکی جس کے جسم پر سورج کی شعاعیں پڑتے ہی جلد ’پگھلنا‘ شروع ہوجاتی ہے
ثمر بداوی کو 2012ءمیں امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ”انٹرنیشنل وومن آف کریج“ کا ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔ 2014ءمیں سعودی حکومت کی طرف سے ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔ ان کے بھائی رائف بداوی کو ریاست اور علماءپر تنقید کے الزامات میں 10 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا سنائی جاچکی ہے۔