اگر لوگ آپ کو سنجیدگی سے نہیں لیتے تو ان مشوروں پر عمل کریں
لندن(نیوزڈیسک)اگر آپ اس بات سے پریشان ہیں کہ لوگ آپ کو سنجیدگی سے نہیں لیتے تو فکر مت کریں کیونکہ آج ہم آپ کو وہ طریقے بتائیں گے کہ جن پر عمل کر نے سے ناصرف لوگ آپ کی بات توجہ سے سنیں گے بلکہ آپ اپنے حلقہ احباب میں مقبول بھی ہو جائیں گے۔
لوگوں کو ان کی بات کرنے دیں
کوشش کریں کہ لوگوں کی باتیں سنیں کیونکہ اگر وہ اپنی باتیں کریں گے تو انہیں ذہنی آسودگی حاصل ہوگی۔ ہارورڈ ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر لوگ اپنی بات کسی سے شئیر کریں تو وہ ان کے ساتھ سکون محسوس کرتے ہیں۔
اذان کے بارے میں ایمان افروز انکشاف
اچھے کپڑوں کا چناﺅ
کیا آپ ایسے شخص کے پاس بیٹھنا یا بات کرنا پسند کریں گے جس کے کپڑے گندے یا اپنی وضع قطع سے وہ اجڈ لگے؟ہر گز نہیں۔ گو کہ سادگی ایک اچھی چیز ہے لیکن ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ایسے کپڑے پہنیں جنہیں دیکھ کر لوگ متاثر ہوں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ کی شخصیت کا پہلا تاثر دینے میں آپ کے کپڑے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ہاتھ ملانے میں کمال حاصل کریں
لوگوں سے ہاتھ ملانے میں گرمجوشی کا مظاہرہ کریں ۔جب بھی ہاتھ ملائیں تو چہرے پر مسکراہٹ لائیں اور جس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اور ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ اس کی طبیعت کے بارے میں رسمی جملے کہیں۔ اس گرمجوشی سے لوگوں کے ذہن میں آپ کا اچھا تاثر جائے گا۔
کھڑے ہونے کا انداز
آپ کے کھڑے ہونے کاانداز ایسا ہونا چاہیے کہ یہ تاثر جائے کہ آپ بہت مضبوط اور پر اعتماد شخصیت ہیں۔ کبھی ایسا انداز مت اپنائیں جس سے لگے کہ آپ ڈھیلے ڈھالے اور اعتماد کی کمی کا شکار ہیں۔
دنیا کے پہلے حاملہ مرد کو مقدمے کا سامنا
اپنے شعبے کے بارے میں علم
آپ جس بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں اس میں ہونے والی موجودہ تبدیلیوں پر نظر رکھیں،اگر کبھی محفل میں بات کرنی پڑے تو یہ علم آپ کو پر اعتماد اور لوگوں میں ممتاز بنا دے گا۔ اس مقصد کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے پڑھنے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔
حالات حاضرہ
آج کل کی دنیا میں ہر شخص کو حالات حاضرہ سے خاص لگاﺅ ہوتا ہے۔ کوئی سیاست پر بات کرنا پسند کرتا ہے، کوئی کھیل میں دلچسپی رکھتا ہے تو کسی کو شوبز پسند ہے۔ اگر آپ تمام شعبوں کا تھوڑا تھوڑا علم بھی اپنے پاس رکھیں تو یہ آپ کے لئے محفلوں میں بات کرنے کے لئے بہت مفید ثابت ہوگا۔
کہانی سنائیں
اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو اعدادوشمار بتا کر آپ متاثر کر لیں گے تو شاید ایک حد تک آپ کامیاب ہو بھی جائیں لیکن اکثریت کو ان میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہوتی لہذا اس بات پر کمال حاصل کریں کہ آپ مختلف باتوں میں کہانی سنائیں۔ آپ نے اکثر ایسے کالم نگار دیکھیں ہوں گے جو بڑے بڑے اعداد وشمار لوگوں تک پہنچانے میں کہانی کا سہارا لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ عام لوگوں میں بہت تیزی سے مقبولیت پاتے ہیں۔
پراعتماد رہیں
ہمیشہ اپنی شخصیت میں اعتماد رکھیں، دوسروں کی عزت کریں لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ جو لوگ آپ سے برا پیش آئیں ان کے ساتھ بھی ہمیشہ اچھے طریقے سے پیش آئیں بلکہ ایسے لوگوں کو موقع دیں اور اگر وہ باز نہ آئیں تو پھر ان سے کنارہ کشی اختیار کریں۔ آپ کا اپنی شخصیت پر اعتماد آپ کو دوسروں میں لازمی طور پر ممتاز بنا دے گا۔