’دفتر کی نوکری چھوڑ کر میں نے یہ کام شروع کر دیا ، اب پوری دنیا میں جگہ جگہ جا کر یہ کام کرتی ہوں اور ڈھیروں روپے کماتی ہوں‘ خاتون نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کا دل کرے گا فوراً اپنی نوکری چھوڑ کر یہی کام شروع کر دیں

ڈیلی بائیٹس

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) جو لوگ اپنی دفتری نوکری اور لگی بندھی تنخواہ سے تنگ آ چکے ہیں ان کو اس برطانوی خاتون نے ایک نیا راستہ دکھا دیا ہے جس پر چل کر وہ نہ صرف دنیا گھوم سکتے ہیں بلکہ بھاری آمدن بھی کما سکتے ہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 55سالہ جینی ریکس نامی یہ خاتون سالوں تک ایک انشورنس فرم میں کام کرتی تھی۔ فوٹوگرافی اس کا شوق تھا جو وہ اپنی نوکری کی وجہ سے کبھی پورا نہ کر سکی۔ بالآخر اس نے نوکری چھوڑ کر اپنا شوق پورا کرنے کی ٹھانی اور آج اپنی نوکری سے کہیں زیادہ کما بھی رہی ہے، شوق بھی پورا کر رہی ہے اور دنیا بھی گھوم رہی ہے، کیونکہ اس نے نوکری چھوڑ کر ”سٹاک فوٹوگرافی“ شروع کر رکھی ہے۔


برطانوی شہر نارتھ ایمپٹن کی رہائشی جینی مختلف ممالک میں گھومتی ہے اور بہترین تصاویر بنا کر بڑے انٹرنیشنل میڈیا ڈیٹا بیسز کو فروخت کرتی ہے۔ ان ڈیٹا بیس کمپنیوں نے شٹر سٹاک (Shutterstock)اور گیٹی (Getty)جیسی کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں اسے فی تصویر اچھا خاصا کمیشن دیتی ہیں اور وہ ہزاروں پاﺅنڈز میں کما رہی ہے۔ جینی کا کہنا ہے کہ ”مجھے پچھتاوا ہے کہ اتنا عرصہ تک میں اپنے اس شوق سے دور رہی۔ مجھے بہت پہلے یہ کام شروع کر دینا چاہیے تھا۔ میں ہمیشہ سے آرٹس کے شعبہ اپنانا چاہتی تھی لیکن موقع ہی نہیں ملا۔“ اس کا کہنا تھا کہ ”کمپنیاں میری تصاویر اپنی ویب سائٹس پر رکھتی ہیں اور ہر ڈاﺅن لوڈ کے عوض مجھے 1سے 95پاﺅنڈ تک کمیشن دیتی ہیں۔ ہر کوئی یہ کام کر سکتا ہے۔ جو بھی اس شعبے میں آئے اسے چاہیے کہ صرف ایک کمپنی کے ساتھ منسلک رہنے کی بجائے ایک وقت میں کئی کمپنیوں کو اپنی تصاویر دے۔ اس کام میں فوری آمدنی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے لیکن اگر کوئی مستقل مزاجی سے کام کرتا رہے تو پھر یہ کام اس کی عمومی نوکری سے کہیں زیادہ آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔“