اگر شاپنگ کے دوران آپ کے شوہر آپ کو تنگ کرتے ہیں تو انہیں اس جگہ جمع کرواسکتی ہیں، خواتین کیلئے انتہائی شاندار سہولت متعارف کروادی گئی

ڈیلی بائیٹس

بیجنگ (نیوز ڈیسک) خواتین کو شاپنگ کرنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے اور ایسے میں شوہر ساتھ ہو تو وہ جلد ہی تنگ آ کر بڑبڑانے لگتا ہے۔ یہ مسئلہ دنیا بھر میں پایا جاتا ہے لیکن اس کا حل پہلی بار چین میں متعارف کروایا گیا ہے، جہاں خواتین شاپنگ کے دوران اپنے شوہر کو ایک خصوصی کیبن میں جمع کروا سکتی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شنگھائی کے گلوبل ہاربر مال نے شوہروں کے لئے خصوصی سہولیات سے آراستہ شیشے کے کیبن بنادئیے ہیں جن میں خواتین اپنے شوہروں کو چھوڑ کر بے فکری سے جتنی دیر چاہیں شاپنگ کرسکتی ہیں۔ شیشے کے کیبن میں ایک کرسی، مانیٹر، کمپیوٹر، گیم پیڈ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تا کہ بیوی شاپنگ میں مصروف رہے اور شوہر گیمز کھیل کر اپنا وقت گزارے۔ شاپنگ مال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ سہولت مفت فراہم کی جارہی ہے لیکن آنے والے وقت میں اس پر فیس عائد کی جاسکتی ہے۔

لڑائی کے بعد بیگم کو منانے کا بہترین طریقہ سائنسدانوں نے بتادیا جو پاکستانی شوہروں کو ذرا بھی پسند نہ آئے گا
 شاپنگ مال میں آنے والے کچھ مردوں نے یہ کیبن استعمال کئے اور اس پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔ مسٹر یانگ نامی شخص کا کہنا تھا کہ اس نے کیبن میں تین گھنٹے گزارے جبکہ اس دوران اس کی اہلیہ شاپنگ کرتی رہی۔ مسٹریانگ کا کہنا تھا کہ وہ اس دوران اپنی پسندیدہ گیم کھیلتا رہا جس سے وقت گزرنے کا بالکل احساس نہیں ہوا۔
خواتین نے بھی اس ایجاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ شاپنگ کیلئے آنے والی ایک خاتون کا کہنا تھا ”شاپنگ کے دوران شوہر کو ساتھ ساتھ لئے پھرنے اور اس کی بُڑ بُڑ سنتے رہنے سے بہتر ہے کہ اسے کیبن میں بٹھا کر ہم سکون سے شاپنگ کریں۔ بیوی بھی خوش، شوہر بھی خوش۔“