وہ مسلمان خاتون جس کیلئے ایرانی اخبارات نے اپنی برسوں پرانی روایت توڑ دی ، ان کی حجاب کے بغیر تصویر شائع کر دی

ڈیلی بائیٹس

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی میڈیا میں کسی مسلم خاتون کی حجاب کے بغیر تصویر شائع کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، لیکن عالمی شہرت یافتہ ایرانی نژاد خاتون ریاضی دان مریم مرزا خانی کی امریکہ میں کینسر کے باعث موت ہو جانے پر ایرانی اخبارات نے برسوں پرانی روایت توڑ دی ہے۔ 

مریم مرزا خانی ریاضی کے شعبے میں سب سے بڑا انعام ’فیلڈ ز میڈل‘ حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون تھیں۔ یہ انعام ریاضی کا نوبیل پرائز کہلاتا ہے۔ مریم مرزا خانی ایک عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں۔ ان کی وفات پر ایرانی میڈیا نے انہیں ’ملکہ ریاضی‘ کہہ کر خراج تحسین پیش کیا اور تمام بڑے اخبارات میں ان کی بغیر حجاب کے تصویر شائع ہوئی۔


وہ ایران میں ہی پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں حاصل کی جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکا گئیں۔ جب 2014 ءمیں انہوں نے فیلڈز میڈل حاصل کیا تو ایرانی میڈیا نے حجاب کے بغیر ان کی تصاویر کو شائع کرنے سے ہر ممکن گریز کیا تھا، جبکہ کچھ اخبارات نے ان کی پرانی تصاویر شائع کی تھیں جن میں وہ حجاب میں نظر آتی تھیں۔ اب ان کی وفات کے موقع پر تمام بڑے اخبارات نے روایت کو ایک جانب رکھتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حجاب کے بغیر ان کی تصویر شائع کر دی ہے۔