سیاسی خیالات اور جسم کی بو ُمیں گہرا تعلق ،دلچسپ تحقیق
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) امریکہ میں کی گئی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آپ کے سیاسی نظریات آپ کے جسم کی خوشبو پر اثر انداز ہوتے ہیں اور آپ کو انہیں لوگوں کی جسمانی خوشبو پر کشش محسوس ہوتی ہے جن کے سیاسی نظریات آپ کے سیاسی نظریات سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ”امریکن جرنل آف پولیٹیکل سائنس“ میں شائع ہونے والی تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر روز میکڈیرموٹ نے بتایا کہ لبرل اور قدامت پسند سیاسی نظریات والے لوگوں کی جسمانی خوشبو ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے اور اگر آپ لبرل ہیں تو آپ دوسرے لبرل لوگوں کی جسمانی خوشبو کی طرف قدرتی طور پر مائل ہوں گے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ عموماً ایک جیسے سیاسی نظریات والے لوگ اکٹھے پائے جاتے ہیں۔
اس تحقیق میں 18 سے 40 سال کے 146 لوگوں کو تجربات میں شامل کیا گیا۔ ان کے سیاسی نظریات کی درجہ بندی کی گئی اور پھر ان کے ایک ہفتہ تک پہنے گئے کپڑے ایک دوسرے کو سنگھائے گئے۔ تجربات سے ثابت ہوا کہ ایک جیسے نظریات والے لوگوں نے ایک دوسرے کی خوشبو کو پسندیدہ قرار دیا جبکہ مخالف نظریات کے لوگوں کی خوشبو کو پسند نہیں کیا گیا۔