بے وقوفو! یہ حرکتیں بند کر دو،داعش نے اپنے کارکنوں کو خبر دار کر دیا
بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک)داعش وہ منفرد شدت پسند تنظیم ہے کہ جس کے جنگجو کثرت سے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں اور اپنی زندگی کے پل پل کی تفصیلات انٹر نیٹ پر بھیجتے رہتے ہیں۔ عراقی شہر تکریت اور کوبانی میں حالیہ شکست کے بعد داعش کو احساس ہوا ہے کہ اس کے جنگجوؤں کی سوشل میڈیا میں حد سے زیادہ دلچسپی ان کے لیے سخت مسائل کا باعث بن رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:ایران میں سعودی سفارتی عملے کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں
داعش نے اپنے جنگجوؤں کو سخت تنبیہہ کی ہے کہ وہ اپنے حالات و واقعات کی خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کردیں کیونکہ اس طرح وہ اپنی دفاعی پوزیشنوں اور حکمت عملی کے بارے میں بھی قیمتی معلومات مخالفین تک پہنچارہے ہیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر ابو یحیٰ الاجنبی نے لکھا ہے ،’’بھائیو مہربانی فرما کر تکریت اور رمادی شہر میں کسی بھی چیز کے متعلق کوئی بھی بات پوسٹ نہ کریں۔آپ اس طرح سے جنگجوؤں کے فائدے کی بجائے نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔‘‘
داعش کی طرف سے جاری کیئے جانے والے ایک ہدایت نامے میں ان باتوں کی فہرست دی گئی ہے جنہیں سوشل میڈیا پر شائع کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ان باتوں میں خاص طور پر ہتھیاروں کی تیاری، جنگجوؤں کی کسی جگہ موجودگی کی تفصیلات اور تصاویر شامل ہیں۔ جنگجوؤں نے ان پابندیوں پر بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اظہار خیال شروع کردیا ہے اور اکثر ان سے خوش نظر نہیں آتے۔