جہیز کی نئی صورت، یمنی باپ نے دولہا سے’ فیس بک‘ پر دس لاکھ لائیکس کا مطالبہ کردیا
بلاگرز کی بھی صفحہ پسند کرنے کی اپیل ، غربت کی وجہ سے جہیز کا مسئلہ احسن طریقے سے اُٹھایا:سلیم عش
صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک) یمن میں ایک باپ نے بیٹی کے جہیز کے لیے رقم کی بجائے ممکنہ دولہا سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر دس لاکھ لائیکس کروانے کا مطالبہ کردیا۔برطانوی میڈیا نے یمن سے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایاکہ یمن میں معاشرہ بہت روایتی ہے لیکن اس مطالبے نے ایک جدید رجحان کو جنم دیا ہے ، تعز شہر کے رہائشی اور شاعر سلیم عش نے دولہا کو اپنی بیٹی کا ہاتھ دینے کے بدلے میں جہیز کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ فیس بک پر دس لاکھ لائیکس مانگی ہیں۔کہاجارہاہے کہ اس طرح کا مطالبہ پہلی دفعہ سننے میں آیاہے ، یمن کی آبادی اڑھائی کروڑ ہے لیکن انٹرنیٹ کے استعمال کی شرح بہت کم ہے۔رپورٹ کے مطابق بلاگرز لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ صفحے کو لائیک کریں تاکہ جوڑا شادی کر سکے۔ فیس بک پر اتوار کو صفحہ بنایا گیا تھا اور اب تک اس کو 30 ہزار افراد پسند یا لائیک کر چکے ہیں۔ سیلم عش کے مطابق یمن میں اب جہیز کوئی برداشت نہیں کر سکتا جس کی وجہ سے بہت سے لوگ شادی نہیں کر پاتے،اکثر جہیز کی رقم میں ہمسائے مدد کرتے ہیں اوراجتماعی شادیوں کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے ۔یمنی شہری نے پہلی مرتبہ رقم اور سونے کے بدلے میں ڈیجیٹل جہیز کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو جہیز کے مسئلے پر سوچنے کی ترغیب دی جاسکے۔