میچ کے دوران اس خاتون تماشائی نے کیمرہ دیکھ کر ایسی حرکت کی کہ جان کر آپ ہنسی روک نہ پائیں گے
نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکا میں ایک بیس بال میچ کے دوران اڑتی ہوئی شاٹ کو کیچ کرنے والی حسینہ نے کیمرے کے سامنے شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو کیچ پکڑنے میں ناکامی پر مایوس ایک بچے کی طرف اچھال دیا، لیکن کچھ ہی دیر بعد بچے سے گیند واپس مانگتی ہوئی پکڑی گئی۔
مزیدپڑھیں:چینی حکومت نے اپنے فوجیوں پر دلچسپ پابندی عائد کر دی
رائلز اور یانکیز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران جب ایک کھلاڑی نے لمبی شاٹ لگائی تو گیند تماشائیوں کی طرف اڑتا چلا گیا۔ ننھے بچوں کا ایک گروپ پرجوش انداز میں اچھلا اور کیچ پکڑنے کی کوشش کی لیکن ان کے درمیان بیٹھی ایک نوجوان خاتون نے اٹھ کر کیچ پکڑلیا۔ جب بچے کیچ نہ پکڑنے پر سخت مایوسی اور افسردگی کی تصویر بنے کھڑے تھے، اور کیمرہ یہ منظر بڑی سکرین پر دکھا رہا تھا، تو خاتون نے پیار اور شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند بچوں کی طرف اچھال دی اور ایک بچے نے اسے پکڑلیا۔ سٹیڈیم میں لگے کیمروں نے اس منظر کو بڑی سکرین پر دکھایا تو خاتون کے لئے بھرپور تالیاں بجائی گئیں۔
کچھ دیر بعد جب خاتون نے دیکھا کہ کیمروں کی توجہ دوسری طرف ہوگئی ہے تو وہ اپنی بچگانہ خواہش پر قابو نہ رکھ سکی اور کھڑی ہوکر بچے سے گیند واپس مانگ لی۔ اتفاق سے اسی دوران ایک کیمرے کا رخ دوبارہ اس کی طرف ہوچکا تھا اور وہ بچے سے گیند واپس مانگتی ہوئی اور غمزدہ صورت والے بچے سے اسے واپس لیتی ہوئی پکڑی گئی۔ کچھ دیر قبل اس کے لئے تالیاں بجانے والے مجمعے نے اسے شرمندہ کرنے کے لئے خوب آوازیں لگائیں تاہم اس کے باوجود دوشیزہ نے بچے کو گیند واپس نہ دی۔