مصری خاتون نے نوجوان لڑکی سے شادی پر بضد معمرشوہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا
قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصری خاتون نے نوجوان لڑکی سے دوسری شادی کرنے کی خواہش ظاہر کرنے پر اپنے بیٹوں کی مدد سے معمرشوہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔اماراتی نیوز ویب سائٹ 24/7میں شائع خبر میں بتایا گیا ہے کہ یوسری نامی 50سالہ مصری شخص نے اپنی 41سالہ بیگم سے ایک نوجوان لڑکی سے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تاہم اس کی بیوی نے منع کرنے کی کوشش لیکن شوہر بضد تھا کہ میں اس لڑکی سے شادی کر کے رہوں گا ، اسلام میں ایک وقت میں چار بیویاں رکھنے کی اجازت ہے ، میں اپنا حق لوں گا ۔ بیوی نے بحث ختم ہونے کا انتظارکیا شوہر جونہی مُڑا خاتون نے اس کے سر پر تیز دھارآلہ سے حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ خاتون نے پولیس کے روبرو اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے28برس اپنی فیملی اور شوہر کے لئے قربان کر دیئے اور اپنے ناکارہ شوہر کی خاطر اور بچوں کی پرورش کے لئے جگہ جگہ کام کرتی رہی ۔ اس نے مزید بتایا کہ میں کیسے گوارا کر لیتی کہ میرے بنائے ہوئے گھر میں کوئی نوجوان لڑکی میری سوتن بن کر آجاتی اور ہر شے پر قابض ہو جاتی۔