قرآن کریم کے معجزے، جانئے وہ باتیں جو قرآن میں 1400سال پہلے ہی بتادی گئی تھیں اور سائنس آج مان رہی ہے، ایسے حقائق جنہیں جان کر آپ کا ایمان ایک مرتبہ پھر تروتازہ ہوجائے گا

قرآن کریم کے معجزے، جانئے وہ باتیں جو قرآن میں 1400سال پہلے ہی بتادی گئی تھیں ...
قرآن کریم کے معجزے، جانئے وہ باتیں جو قرآن میں 1400سال پہلے ہی بتادی گئی تھیں اور سائنس آج مان رہی ہے، ایسے حقائق جنہیں جان کر آپ کا ایمان ایک مرتبہ پھر تروتازہ ہوجائے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) قرآن مجید انسانیت کی رہنمائی کے لیے نازل فرمایا گیا۔ یہ کتاب مقدس انسان کو متوازن، صحت مند اور بہترین زندگی گزارنے میں رہنمائی دیتی ہے۔ کلام الہٰی میں آج سے 1400سال قبل ایسے حقائق بیان کر دیئے گئے ہیں جن کی تصدیق جدید سائنس اب کر رہی ہے۔ سعودی عرب کے فزیشن ڈاکٹر محمد جمیل حبل نے ایسے ہی کچھ حقائق بیان کیے ہیں جو قرآن مجید میں بیان فرمائے گئے اور آج سائنس بھی ان کی توثیق کر رہی ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمد جمیل کا کہنا تھا کہ ”قرآن مجید میں لگ بھگ 70ایسی آیات ہیں جن میں سائنس اور سائنسدانوں کی تعریف کی گئی ہے اور انہیں انسانیت کی فلاح کے لیے نئی چیزیں ایجاد و دریافت کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ قرآن مجید میں ماں کو دو سال تک بچے کو دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اب جا کر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ماں کا بچے کو دو سال تک دودھ پلانا بچے اور خود ماں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ نوزائیدہ بچے کے لیے جو غذائی اجزاءانتہائی ضروری ہیں ان کے حصول کا بہترین ذریعہ ماں کا دودھ ہی ہے۔“
ڈاکٹر محمد جمیل کا مزید کہنا تھا کہ قرآن مجید میں بچے کی پیدائش کے متعلق تفصیل بیان کی گئی ہے، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ ”ہم نے انسان کو مٹی کے سَت سے پیداکیا۔پھر ہم نے اسے ایک محفوظ مقام (رحم مادر)میں نطفہ بنا کر رکھا۔پھر نطفے کو لوتھڑا بنایا، پھر لوتھڑے کو بوٹی بنایا، پھر بوٹی کو ہڈیاں بنایا پھر ہڈیوں پر گوشت چڑھایا،پھر ہم نے اسے ایک اور ہی مخلوق بنا کر پیدا کر دیا۔ پس بڑا بابرکت ہے ،اللہ جو سب بنانے والوں سے بہتر بنانے والا ہے۔“سائنس آج ہمیں بتا رہی ہے کہ بچے کی پیدائش کے لیے سپرم بیضے میں داخل ہوتا ہے اور بچے کی افزائش کا آغاز ہوتا ہے۔اس کے بعد من و عن وہی عمل وقوع پذیر ہوتا ہے جو قرآن مجید میں بیان کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرمحمد جمیل نے مزید کہا کہ اسی طرح قرآن مجید میں فرمایا گیا کہ ”وہ شراب اور جوئے کے متعلق پوچھتے ہیں۔ انہیں کہہ دیجیے کہ ان میں بڑا گناہ ہے، تاہم کچھ لوگوں کا اس میں نفع ہے لیکن ان کا گناہ ان کے نفع سے کہیں بڑا ہے۔“ (مفہوم)آج سائنس کہہ رہی ہے کہ ممکنہ طور پر سرخ شراب انسانی صحت کے لیے کچھ فائدہ مند ہو سکتی ہے لیکن برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر نے ایک وارننگ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شراب کا استعمال آدمی کو کئی طرح کے کینسر میں مبتلا کر سکتا ہے جن میں چھاتی کا کینسر بھی شامل ہے۔یعنی سائنس بھی کہہ رہی ہے کہ شراب کا نقصان اس کے فائدے سے کہیں بڑا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -