سعودی عرب میں خوفناک واقعہ، شیر کا نو عمر لڑکی پر حملہ اور پھر۔۔۔ ایسی ویڈیو سامنے آگئی کہ دیکھ کر انسان کانپ اُٹھے
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ایک ننھی بچی پر شیر کے حملے کی خوفناک ویڈیو سامنے آنے پر مملکت میں سخت غم و غصے کی فضاء ہے اور دہشتناک واقعہ کے ذمہ دران کے خلاف سخت ترین کاروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک نامعلوم شخص شیر کے گلے میں زنجیر ڈال کر اسے ایک عوامی مقام پر چہل قدمی کروا رہا تھا کہ وحشی جانور نے ایک ننھی بچی پر حملہ کر دیا۔ دل دہلا دینے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر کو دیکھ کر آس پاس موجود افراد اس سے دور بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی دوران ایک ننھی بچی پاس سے گزرتی ہے تو اچانک شیر دھاڑتا ہوا اس پر حملہ کر دیتا ہے۔ اگلے ہی لمحے بچی کی دردناک چیخ سنائی دیتی ہے اور شیر کا مالک اسے بچی سے دور ہٹانے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔ خوش قسمتی سے ننھی بچی کی جان بچ گئی ہے۔
ڈی پورٹ کئے جانے والے ترک اساتذہ کیلئے پاکستانی والدین نے ایسی قربانی دیدی کہ جاتے جاتے ترک باشندے زار و قطار رو پڑے
اس واقعہ کی ویڈیو یوٹیوب پر سامنے آتے ہی مملکت میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔ انٹرنیٹ صارفین شدت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ خطرناک جانور کو عوامی مقام پر لانے والے شخص کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی بار بار اس مسئلے کی جانب توجہ دلائی جا چکی ہے کہ بعض لوگ اپنی دولت اور رتبے کی نمائش کیلئے گھروں میں شیر اور چیتے جیسے خطرناک جانور پالتے ہیں اور اکثر انہیں گھر سے باہر گھماتے پھراتے نظر آتے ہیں۔ حکام متعدد بار اس ضمن میں کارروائی بھی کر چکے ہیں لیکن یہ افسوسناک واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ مسئلہ تاحال جوں کا توں موجود ہے ۔