دنیا کا پہلا ریسٹورنٹ جہاں کھانا کھانے کیلئے ننگا ہونا لازمی ہے
لندن (نیوز ڈیسک)کہتے ہیں کہ ہزاروں سال قبل انسان جنگلوں میں رہتا تھا اور لباس کی قید سے آزاد تھا، مگر برطانیہ میں کھلنے والے ایک نئے ریسٹورنٹ نے آج کے تہذیب یافتہ انسان کو بھی جنگلی دور میں پہنچانے کا بندوبست کردیا ہے۔
اخبار دی انڈی پینڈنٹ کے مطابق لندن میں عنقریب ایک ریسٹورنٹ کھلنے والا ہے جس کا نام ”بنیادی“ رکھا گیا ہے، اور یہاں گاہک مکمل طور پر عریاں ہوکر اس کے قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ ریسٹورنٹ نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے، ”آئیے اور ایک پوشیدہ دنیا میں داخل ہوجائیے، جو کہ فونز، برقی روشنیوں اور حتیٰ کہ لباس سے بھی پاک ہے، اور دوبارہ اسی آغاز کی طرف لوٹ جائیے جس میں کہ ہر چیز تروتازہ، آزاد اور جدید زندگی کی الجھنوں سے پاک تھی۔“
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس شرمناک ریسٹورنٹ کے کھلنے سے پہلے ہی اس میں داخلے کے خواہشمندوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ ریسٹورنٹ کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس تقریباً 5ہزار لوگ بکنگ کرواچکے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے بکنگ والے گاہکوں کا نمبر ہوگا اور اگر کبھی بکنگ والے گاہکوں کا سلسلہ ختم ہوا تو کسی اور گاہک کو بھی اس ریسٹورنٹ میں داخلے کی اجازت مل سکے گی۔