وہ کمپنی جو ایسی موبائل ایپ بنا رہی تھی جس میں مرد دوسروں کی بیگمات کو ریٹنگ دے سکیں، لیکن پھر کچھ ایسا ہوا کہ سارا منصوبہ ہی الٹ ہو گیا
اوٹاوا(نیوز ڈیسک) کینیڈا کی بدنام زمانہ ناجائز سماجی تعلقات کی سروس ایشلی میڈیسن کی ویب سائٹ گزشتہ سال ہیک ہوگئی تو اس کے ہزاروں صارفین کا شرمناک ڈیٹا انٹر نیٹ پر عام ہوگیا جس کے بعد اس کمپنی کے متعلق ایک اور انکشاف سامنے آگیا جو اس کے پہلے کرتوتوں سے بھی زیادہ شرمناک ہے۔
’دی ڈیلی ڈاٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایشلی میڈیسن ایک نئی ایپ لانچ کرنے والی تھی جس کا نام ”تمہاری بیوی کتنے کی ہے؟“ تھا۔ اس ایپ کا مقصد اس کے بیہودہ نام سے ہی عیاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ایپ کے زریعے صارفین ایک دوسرے کی بیویوں کی شکل و صورت اور عمر وغیرہ کی بناءپر ان کے بارے میں اپنی رائے دیتے اور بیویوں کی درجہ بندی کرتے۔ اس ایپ کے ذریعے بیویوں کی دلکشی اور قدر و قیمت کو ڈالروں میں بیان کیا جانا تھا۔ ایپ لانچ کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں کہ ہیکروں نے ایشلی میڈیسن کی بدنام زمانہ ویب سائٹ ہیک کرلی اور یوں ان کا نیا اخلاق باختہ منصوبہ بھی منسوخ ہوگیا اور حیا سوز ایپ دنیا کے سامنے نہ آسکی۔