کیا آپ کو معلوم ہے دنیا میں صرف 4 رنگوں کے پاسپورٹ ہوتے ہیں، کس رنگ کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ جانئے وہ بات جو لوگوں کو معلوم نہیں

ڈیلی بائیٹس

لندن (نیوز ڈیسک)دنیا میں تقریباً 200 ممالک ہیں جن کے اپنے اپنے پاسپورٹ ہیں، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کسی بھی ملک کے پاسپورٹ کا رنگ کل چار رنگوں میں سے کوئی ایک ہوتا ہے۔ یہ رنگ بلا وجہ منتخب نہیں کیا جاتا بلکہ پاسپورٹ کی رنگت کے پیچھے کچھ تاریخی وجوہات ہوتی ہیں۔ یہ چار رنگ کونسے ہیں اور ان کا کیا مطلب ہے، آئیے دیکھتے ہیں:
-1سرخ
سرخ رنگ یورپ کا نشان ہے اور اسی لئے یورپی ممالک کے پاسپورٹ سرخ رنگ کے ہیں۔ یورپی ممالک کے علاوہ جنوبی امریکا کے کچھ ممالک کے پاسپورٹ بھی سرخ رنگ کے ہیں، یوں یہ پاسپورٹ کا مقبول ترین رنگ ہے۔ یورپی یونین سے باہر بولیویا، کولمبیا، ایکواڈور اور پیرو کے پاسپورٹ بھی سرخ رنگت کے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کا سرخ پاسپورٹ اس کے جھنڈے میں موجود سرخ رنگ کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔


-2 نیلا
پاسپورٹ کے لئے دوسرے نمبر پر مقبول ترین رنگ نیلا ہے۔ یہ رنگ عموماً نئی دنیا کی علامت سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کیریبین خطے کے 15 سے زائد ممالک کے پاسپورٹ کا یہی رنگ ہے۔ اسی طرح برازیل، ارجنٹینا اور پیراگوائے کے پاسپورٹ کا رنگ بھی نیلا ہے۔ وینز ویلا اگرچہ اسی خطے میں واقع ہے تا ہم اس کا پاسپورٹ نیلے کی بجائے سرخ ہے۔


-3 سبز
سبز رنگ کی دین اسلام اور اس کے پیروکاروں میں اہمیت اور مقبولیت کی وجہ سے بیشتر اسلامی ممالک کے پاسپورٹ کا رنگ سبز ہے۔ ان ممالک میں پاکستان، سعودی عرب اور مراکش نمایاں ہیں۔


-4 سیاہ
پاسپورٹ کا یہ رنگ سب سے کم مقبولیت رکھتا ہے اور غالباً اس کے انتخاب کی وجہ عملیت پسندی ہے۔ اس رنگ کے میلا اور خراب ہونے کا امکان کم ہوتا ہے، اور کچھ لوگوں کو یہ زیادہ باوقار بھی لگتا ہے۔ جمہوریہ بوٹسوانا، زیمبیا اور نیوزی لینڈ کی جانب سے سیاہ پاسپورٹ ایشو کئے جاتے ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ کا قومی رنگ بھی سیاہ ہے۔