ائیرپورٹ پر خاتون کے سامان کی تلاشی ، 2 کلو ہیروئن برآمد، لیکن دراصل یہ واقعی اس خاتون کی نہیں تھی، پھر سامان میں کیسے پہنچی؟ ایسی حقیقت سامنے آگئی کہ جان کر کسی کے بھی پیروں تلے سے واقعی زمین نکل جائے
نام پنہہ (نیوز ڈیسک) دوستی اور محبت کی تلاش میں سماجی رابطے کی ویب سائٹوں کا رخ کرنے والوں کی تعداد ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے لیکن بدقسمتی سے ان میں سے اکثر لوگ ان خطرات سے آگاہ نہیں جو ایسی ویب سائٹوں کے ذریعے شکار ڈھونڈنے والے مجرموں کی صورت میں ان کے منتظر ہوتے ہیں۔ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے مکار مجرم شنیم نووکو، المعروف پریشس میکس، کے جرائم کی خوفناک داستان بھی ہم سب کو انہی خطرات سے خبردار کرتی نظر آتی ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ مکار مجرم ایک بین الاقوامی منشیات سمگلنگ گروہ کا حصہ تھا لیکن فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹوں پر خود کو آرٹ کے فن پاروں کی امپورٹ ایکسپورٹ سے وابسطہ کاروباری شخصیت ظاہر کر رکھا تھا۔ اس نے سوشل میڈیا ویب سائٹوں پر اپنی درجنوں دلکش تصاویر پوسٹ کر رکھی تھیں جن میں اپنے وسیع و عریض کاروبار اور مسحور کن شخصیت کے مناظر دکھائے تھے۔ شنیم نے اپنی مکاری سے مختلف ممالک کی درجنوں خواتین کو دھوکہ دیا اور انہیں رومانوی تعلق کی آڑ میں منشیات کی سمگلنگ کیلئے استعمال کیا۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک بدقسمت خاتون بھی اس کے جھانسے میں آگئی ، جسے اس نے ملاقات کیلئے کمبوڈیا بلایا اور پھر واپسی پر اسے کچھ فن پارے بطور تحفہ دیے۔ جونہی یہ خاتون آسٹریلیا پہنچی تو ائیرپورٹ اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران اس کے سامان سے دو کلو ہیروئن برآمد کر لی۔ یہ ہیروئن خاتون کو تحفہ میں دیئے گئے فن پاروں کے اندر چھپائی گئی تھی۔ لرزہ خیز انکشاف ہونے پر خاتون ہوش و حواس کھو بیٹھی اور شدید صدمے کے باعث بے ہوش ہوکر وہیں گر گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا تاہم اسے اس بناء پر معاف کر دیا گیا کہ اس کے ساتھ دھوکا کیا گیا تھا۔
آسٹریلیا سے ہی تعلق رکھنے والی ایک اور خاتون این ٹیلر اتنی خوش قسمت ثابت نہ ہوئی۔ وہ بھی چالاک مجرم کے دھوکے میں آکر اس سے ملنے کمبوڈیا چلی گئی۔ بد بخت مجرم نے واپسی پر اسے بھی کچھ فن پارے تحفے میں دیئے ، جن کے اندر سو ا دو کلو ہیروئن چھپی ہوئی تھی۔ خاتون کی بدقسمتی تھی کہ اسے کمبوڈیا کے ائیرپورٹ پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور 23 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ بدقسمت خاتون اس وقت کمبوڈیا کی جیل میں قید ہے اور 3 سال کی سزا کاٹ چکی ہے۔
کمبوڈیا اور آسٹریلیا کی پولیس کی مشترکہ کوششوں سے بالاآخر مجرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس نے متعدد ممالک کو درجنوں خواتین کو دھوکا دے کر اپنے جال میں پھنسا رکھا تھا۔ وہ ان خواتین کو فن پاروں کی صورت میں تحائف دیتا تھا جن کے اندر ہیروئن کی بھاری مقدار چھپی ہوتی تھی، اور یوں کئی سالوں سے دنیا بھر میں ہیرؤن سمگل کر رہا تھا ۔