گھریلو جھگڑے بیچ چوراہے حل کرنے والا خاندان گرفتار
برمنگھم (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے شہر بیدفورڈ شائر میں ایک سڑک پر اچانک ہنگامہ ہوگیا جس میں شامل تقریباً دو درجن لوگوں نے ایک دوسرے کو وحشیانہ طور پر پیٹنا شروع کردیا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ تو ایک گھریلو جھگڑا تھا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ برطانیہ جیسے جدید ملک کے ایک جدید شہر میں سرعام گھریلو لڑائی اور گھرانہ بھی اتنا بڑا کہ جس کا اس معاشرے میں تصور بھی محال ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اس بڑے مجمے میں شامل لوگوں کے درمیان تکرار شروع ہوئی تو عورتیں آپس میں چلانے لگیں جبکہ مرد ایک دوسرے سے جھگڑنا شروع ہوگئے اور دیکھتے دیکھتے ہی یہ سب لوگ ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔
وحشیانہ گھونسوں اور ٹکڑوں سے لڑتے ہوئے متعدد لوگ زخمی ہوکر فٹ پاتھ پر گر گئے جبکہ خواتین بھی ایک دوسرے کے بال نوچتی رہیں۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان لوگوں کو قابو کیا اور سب لوگ یہ سن کر حیران رہ گئے کہ یہ ایک گھر یلو لڑائی تھی جو بوجوہ سڑک پر آگئی تھی۔ لڑنے والے حلیے اور لباس سے پاکستانی لگ رہے تھے لیکن تاحال اس بارے میں کوئی واضح اطلاع نہیں ہے۔ پولیس ایک لڑکے سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرکے لے گئی۔