ائیرکنٹرول کا عملہ سوگیا،پائلٹ لینڈنگ کی اجازت مانگتا رہا
بیجنگ (نیوز ڈیسک) کام کے دوران نیند کا غلبہ محسوس ہونے پر کبھی کبھار لوگ اونگھ جاتے ہیں لیکن غفلت ان لوگوں سے ہرگز متوقع نہیں ہوتی کہ جن کی غلطی سے سینکڑوں لوگوں کی جان جاسکتی ہو۔چین کے ایک ایئرپورٹ پر ایئر کنٹرول کا حساس ترین کام سرانجام دینے والے ملازمین نے اس انتہائی غیر متوقع غلطی کا واقعی ارتکاب کردیا اور رن وے کی طرف بڑھتے ہوئے جہاز کے بار بار رابطہ کرنے پر بھی ایئر کنٹرولر نیند سے بیدار نہ ہوسکے۔
یہ افسوسناک واقع ووہان شہر کے ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں رات 2 سے 3 بجے کے دوران ایئرکنٹرول پر متعین سٹاف کی آنکھ لگ گئی ۔چین کے سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کی تحقیقی رپورٹ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ چائنا ایسٹرن ایئرلائن کے پائلٹ نے دو دفعہ انگریزی اور ایک دفعہ چینی زبان میں ایئر کنٹرول سے رابطہ کیا جبکہ اس کا جہاز زمین کے بہت قریب آچکا تھا لیکن کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ مجبوراً جہاز کو دوبارہ بلندی پر جانا پڑا اور 10 منٹ تک فضا میں چکر لگانے پڑے جس کے بعد ایئر کنٹرول کیبن میں بیٹھے ملازمین کی آنکھ کھل گئی اور بالآخر جہاز لینڈ کرگیا۔