وہ پھول جنہیں کِھلنے میں 10 سال لگتے ہیں، اچانک چند دنوں میں کِھلنے لگے، سائنسدانوں کی ہوائیاں اُڑگئیں کیونکہ۔۔۔
نیویارک (نیوز ڈیسک) پھول خوبصورتی اور خوشبو کا استعارہ سمجھے جاتے ہیں، لیکن دنیا میں ایک پھول ایسا بھی ہے جو اول تو کھلنے میں تو 10 لگاتا ہے اور جب کھلتا ہی ہے تو ایسی بدبو چھوڑتا ہے کہ سونگھنے والے توبہ توبہ کر اٹھتے ہیں۔ اس طرح کے پھول سالوں میں ایک بار کھلیں تو بھی بہت ناگوار گزرتے ہیں، لیکن امریکا میں یہ پراسرار طور پر دھڑا دھڑ کھلنے لگے ہیں، جس پر کئی علاقوں میں کھلبلی کی سی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس پھول کا نام ”امورفو فیلس ٹائی ٹینم“ ہے اور یہ ناصرف طویل ترین عرصے میں کھلنے والا پھول ہے بلکہ دنیا کا سب سے بڑا پھول ہونے کا ریکارڈ بھی اسی کے پاس ہے۔ چونکہ یہ پھول کھلنے میں تقریباً 10 سال کا وقت لیتا ہے لہٰذا جب بھی کوئی پھول اپنی نشوونما مکمل کرکے کھلنے کے قریب ہوتا ہے تو لوگ پہلے ہی خبردار ہوجاتے ہیں۔ جب یہ پھول کھلتا ہے تو اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے درمیان اس میں سے انتہائی غلیظ قسم کی بدبو اٹھتی رہتی ہے جو گلی سڑی لاشوں کی بدبو جیسی ہوتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اسے ”گل مردہ“ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔
موٹرسائیکل پر پاکستانی شہری اور کبوتر۔۔۔ ایک ایسی ویڈیو منظرعام پر آگئی کہ انٹرنیٹ پر دھوم مچ گئی، پوری دنیا کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں
نیویارک کے علاقے برونکس میں گزشتہ موسم گرما سے یہ پھول درجنوں کے حساب سے اوپر تلے کھل رہے ہیں، جبکہ انڈیانا، فلوریڈا، نارتھ کیرولائنا، وسکانسن اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں بھی ان کے بڑی تعداد میں کھلنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ نیویارک بوٹانیکل گارڈنز نے تو ان پھولوں کے کھلنے کے مناظر انٹرنیٹ پر براہ راست نشر کرنے کا بھی اہتمام کر رکھا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق انٹرنیٹ پر لاکھوں لوگ ان پھولوں کو براہ راست کھلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ ماہرین نباتات کا کہنا ہے کہ یہ ایک انوکھا واقعہ تھا کہ امریکہ میں کئی جگہوں پر گل مردہ کے پے درپے کھلنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
اس پھول پر تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس میں کئی اقسام کے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو اس کی غلیظ بدبو کا سبب بنتے ہیں۔ ان کیمیکلز میں آئسووالرک (جس کی بو پنیر جیسی ہوتی ہے) ڈائی میتھائل ڈائی سلفائیڈ (جس کی بو لہسن جیتی ہوتی ہے) ڈائی میتھائل ٹرائی سرفائیڈ (جس کی بو سڑے ہوئے گوشت جیسی ہوتی ہے) انڈول (جس کی بو بول و براز جیسی ہوتی ہے) اور ٹرائی میتھائلامین (جس کی بو گلی سڑی مچھلی جیسی ہوتی ہے) پائے جاتے ہیں۔ ان تمام کیمیکلز کے مجموعے سے ہی اس پھول سے ایسی بدبو اٹھتی ہے کہ اس کے قریب جانا ممکن نہیں ہوتا۔ مکمل نشوونما کے بعد اس پھول کا سائز 9 سے 12فٹ تک ہوتا ہے اور یہ کسی چھوٹے درخت جیسا نظر آتا ہے۔ دس سال بعد جب یہ کھلتا ہے تو دو سے تین دن تک کھلا رہتا ہے، اور پھر بدبو کے بھبوکے چھوڑتا ہوا دھڑام سے نیچے گرجاتا ہے۔