”ایٹمی حملے کی صورت میں آپ کو فوری طور پر یہ کام کرناہوگا ورنہ۔۔۔“
نیویارک(نیوزڈیسک)اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان تناﺅبڑھ رہا ہے اور آئے دن بھارت کی طرف سے بارڈر پر فائرنگ کی جاتی ہے۔ آئے روز پاکستان کو ایٹمی جنگ کی دھمکی ملتی رہتی ہے،اگر بھارت کی جانب سے ایسا حملہ کیاگیا تو یقیناًپاکستان بھی دندان شکن جواب دے گا تاہم آپ کے لئے ضروری ہے کہ ایٹمی حملے کی صورت میں محفوظ جگہ پر چلے جائیں۔کئی دہائیوں سے مغربی سائنسدان اس بات پر تحقیق کررہے ہیں کہ ایٹمی حملے کی صورت میں انسانوں کو کس طرح محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور اس کی تباہی کے اثرات کم کئے جاسکتے ہیں۔
ایک سائنسدان مائیکل ڈیلون نے اس سلسلے میں ایک ماڈل پیش کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تابکاری کے اخراج سے کس طرح بچاجائے اور اس ماڈل کو بنیاد بناکر لوگوں کو بتایاجارہا ہے کہ وہ کس طرح اپنے آپ کو ایٹم بم گرنے کے بعد بچاسکتے ہیں۔سائنسدانوں کا کہناہے کہ ایٹمی حملے کی صورت میں اگر لوگ اپنے اوسان بحال رکھیں تو اس کی تابکاری کے اثرات سے بچاجاسکتا ہے۔ جب بھی ایٹم بم گرایا جاتاہے تو دھماکے کی روشنی سورج سے زیادہ تیز ہوتی ہے اور شدید حرارت کا اخراج بھی ہوتا ہے ۔ اس کے بعد تابکاری کا اخراج ہوتا ہے اور اس سے بچنا سب سے زیادہ ضروری ہوتا ہے۔یہ تابکاری ایٹم بم کے میٹیریل ، ریڈیو ایکٹیو شعاعوں، گردوغبار اور حرارت پر مشتمل ہوتی ہے۔ایسی صورت میں آپ کو سب سے پہلے ایسی جگہ کی تلاش کرنی ہوگی جو آپ تک اس تابکاری کو پہنچنے سے روکے اور اس مقصد کے لئے ضروری ہے کہ کسی ایسے کمرے یا گھر کا انتخاب کیا جائے جس کی دیواریں سیمنٹ اور کنکریٹ سے بنی ہوں، اگر گھر کی بیسمنٹ ہوتواس میں فوری طور پر چلے جائیں کہ یہاں کم سے کم تابکاری پہنچے گی۔ایسی عمارت یا گھر جس میں کم سے کم کھڑکیاں اور دروازے ہوں، وہ تابکاری سے بہتر طریقے سے بچنے میں مددگار ہوںگے۔یاد رکھیں کہ کسی بھی ایسے گھر یا عمارت میں نہ جائیں جو لکڑی کی بنی ہو یا جس میں زیادہ کھڑکیاں بنائی گئی ہوں۔2014ءکی تحقیق میں مائیکل ڈیلون نے لکھا ہے کہ اگر آپ دھماکے کی جگہ کے نزدیک ہیں اور کسی مضبوط عمارت میں موجود ہیں تو ریسکیو آنے تک اسی میں رہیں اور باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔اگر آپ کسی کھلی جگہ ہیں توفوری طور پر ایسی عمارت کی تلاش کریں جو موٹی دیواروں پر مشتمل ہواور جو زیادہ سے زیادہ 5منٹ کے فاصلے پر ہو۔اگر ایسی عمارت زیادہ دور ہے تو کسی بھی نزدیکی عمارت میں وقتی طور پر رُک جائیں لیکن ایک گھنٹے کے اندر نکل کر کسی اچھی جگہ کی تلاش کریں۔یاد رکھیں کہ کبھی بھی کسی کھلی جگہ پر نہ رکیں بلکہ کسی عمارت کا گھر میں چلے جائیںورنہ آپ پر تابکاری کے اثرات پڑیں گے۔