بالآخر سچ بات زبان پر آہی گئی ،بھارتی وزیردفاع نے پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کا اعتراف کرلیا
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکار نے بھارت کی حفاظت کے لئے دہشت گردی کا سہارا لینے کی پالیسی کا واضح اعلان کردیا ہے۔
بھارتی نیوز چینل ”آج تک“ کے تحت منعقدہ ایک تقریب میں جب منوہر پریکار سے پوچھا گیا کہ اگر ممبئی حملوں یا پارلیمنٹ پر حملوں جیسا کوئی واقعہ دوبارہ ہوا تو حکومت کا ردعمل کیا ہوگا، تو ان کا کہنا تھا کہ بہتر حکمت عملی تو یہ ہے کہ ایسا واقعہ نہ ہو لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دہشت گردوں کا ہی سہارا لیا جائے گا تاکہ بھارتی فوج کو یہ کام نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا، ”ہمیں کانٹا نکالنے کے لئے کانٹا استعمال کرنا ہوگا۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے صرف دہشت گردوں کو استعمال کرنا ہوگا۔ ہم یہ کیوں نہیں کرسکتے؟ ہمیں یہ کرنا ہوگا۔ میرے سپاہی یہ کام کیوں کریں؟“ انہوں نے بھارت کی جارحانہ دفاع کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یا کوئی بھی ملک اگر بھارت کے خلاف منصوبہ بندی کررہا ہے تو اس کے خلاف جارحانہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کے اعلیٰ ترین حکام اس سے پہلے بھی دہشت گردی کے استعمال کا دبے لفظوں میں اظہار اور اقرار کرچکے ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کے لرزہ خیز واقعات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔