چیینوں کا نیا شوق ,آواز کی بھی سرجری کرانے لگے
بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی عوام میں چہرے اور جسم کی پلاسٹک سرجری کے جنون کے بعد اب یہ عجیب و غریب شوق زور پکڑ رہا ہے کہ لوگ گلے کی خطرناک سرجری کرواکر اپنی آواز بھاری یا باریک کروارہے ہیں۔
روایتی طور پر یہ آپریشن ان لوگوں میں کئے جاتے ہیں جو جنس تبدیل کرواتے ہیں۔ اگر کوئی لڑکی جنس تبدیل کرواکر لڑکا بنے تو وہ آواز بھاری کروانے کیلئے گلے کا آپریشن کرواسکتی ہے جبکہ لڑکے سے لڑکی بننے والے آواز باریک کروانے کیلئے آپریشن کرواتے ہیں۔ اس آپریشن میں گلے میں ہواکی نالی لیرنکس سے کچھ گوشت کاٹ دیا جاتا ہے اور وو کل کارڈز میں بوٹوکس نامی مادہ داخل کیا جاتا ہے جس کے باعث آواز میں تبدیلی آجاتی ہے۔
ایک 23 سالہ نوجوان لوزیانگ نے اخبار ”گلوبل ٹائمز“ کے صحافی کو بتایا کہ اس کی آواز بہت باریک تھی اور سب دوست اور ساتھی اس کا مذاق اڑاتے تھے۔ زنانہ آواز کی وجہ سے کوئی لڑکی بھی اس کی دوست نہ بنتی تھی لیکن گلے کا آپریشن کرواکر آواز بھاری کرنے کے بعد اس کے مسائل حل ہوگئے ہیں۔
ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ پچھلے چار سال کے دوران اس قسم کے 200 آپریشن کرچکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس آپریشن کی وجہ سے آواز ہمیشہ کیلئے ختم بھی ہوسکتی ہے اور آپریشن کروانے والوں کو بار بار گلے میں بوٹوکس کے انجکشن لگوانے پڑتے ہیں۔