شادی کےلئے رشتہ داروں اور دوستوں کو کینسر کا دھوکہ دینے والی دلہن
برمنگھم (نیوز ڈیسک) دنیاوی عیش و عشرت کے دلدادہ لوگ اپنی کبھی نہ ختم ہونے والی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے جھوٹ، فریب اور دھوکے کا سہارا لینے سے بھی باز نہیں آتے، لیکن نوجوان برطانوی خاتون ڈینئیل وائس نے تو دھوکہ بازی کی حد ہی کردی۔ چوبیس سالہ ڈینیئل نے اپنی شادی کو پرتعیش اور یادگار بنانے کیلئے اپنے عزیزوں، دوستوں اور حتیٰ کہ اجنبیوں کو بھی یہ بتایا کہ اسے رحم کا کینسر ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اس نے اپنی شادی کی تاریخ بھی جلد مقرر کردی ہے تاکہ موت سے پہلے وہ شادی کی خوشیاں دیکھ لے۔ اس نے سب سے اپیل کی کہ اسے تحائف، رقم اور ہر ممکن مدد دیں تاکہ وہ اپنا علاج کرواسکے اور شادی بھی کرسکے۔ ہر سننے والا اس کی دردناک کہانی کو سن کر دکھی ہوگیا اور سب نے خوب دل کھول کر اس کی مدد کی۔ کچھ عرصہ میں جھوٹی نے 10 ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 17 لاکھ پاکستانی روپے) اکٹھے کرلئے اور بہت دھوم دھام اور شان و شوکت سے شادی بھی کرلی۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ اس میں تو کینسر جیسے مریضوں کی کوئی بات بھی نظر نہیں آرہی تو بالآخر اس کے جھوٹ کا پول کھل ہی گیا اور متعدد لوگوں نے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔ عدالت 9 جنوری کو اس دھوکہ باز خاتون کو اس کے فراڈ کی سزا سنائے گی۔