خوشگوار زندگی کے خواہشمند نئے شادی شدہ جوڑوں کیلئے مفید مشورے
برمنگھم (نیوز ڈیسک) محبت کے رشتے کو اگر کچھ نہایت ضروری باتوں سے معطر نہ رکھا جائے تو یہ پھیکا پڑ جاتا ہے۔ ساتھ مسکرانے، ساتھ کھانے اور ایک دوسرے کی دلچسپوں کا سراغ لگانے جیسی کئی ایسی باتیں ہیں جو محبت کرنے والے جوڑوں کی زندگی کو رنگین بنادیتی ہیں۔ چند اہم ترین باتیں درج ذیل ہیں۔
٭ سب سے اہم بات تو یہ ہے کہ آپ اکٹھے مسکراسکیں اور خوب قہقہے لگا سکیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ دونوں کی حس مزاح ایک جیسی ہو اور اگر ایسا نہیں ہے تو ایسی دلچسپیاں ڈھونڈیں جو آپ دونوں کو خوش رکھیں۔
٭ ہم سب کی دلچسپیاں اور مشغلے مختلف ہوسکتے ہیں مگر جب آپ دونوں یکجا ہوجائیں تو ایسے مشغلے ضرور اپنائیں جن میں آپ دونوں اکٹھے شامل ہوسکیں۔ مثلاً اکٹھے کوکنگ کرنا، فلم دیکھنا یا کوئی کھیل کھیلنا یا اکٹھے ورزش کرنا وغیرہ۔
ترکی میں قدیم ترین شہرکی حادثاتی دریافت کا دلچسپ واقعہ
٭ ہر شخص کا مزاج مختلف ہوتا ہے اور آپ کی شریک حیات میں بھی کچھ خامیاں ضرور ہوں گی جس طرح کہ آپ میں کچھ خامیاں ہیں۔ ہم اپنے آپ کو مکمل طور پر بدل نہیں سکتے لہٰذا بہترین اصول یہ ہے کہ شریک حیات کو اس کی خامیوں کے ساتھ ہی قبول کریں اور ان پر تلخی اختیار نہ کریں۔
٭ پھول، موم بتیاں، کارڈ، کتابیں اور کوئی بھی تحفہ آپ کے تعلق کو پرجوش رکھے گا۔ مل کر دلچسپ باتیں اور کام کریں اور اکثر کوئی نہ کوئی ایسا کام ضرور کریں جو آپ دونوں کیلئے نیا اور حیران کرنے والا ہو۔
٭ اگرچہ ہم محبت یا شادی کے بعد اکٹھے ہوجاتے ہیں مگر ہماری اپنی اپنی علیحدہ شخصیت بھی ہوتی ہے لہٰذا اس بات کا خیال رکھیں کہ شریک حیات اپنی مرضی سے زندگی گزار سکے اور بہت سے کام اپنی مرضی اور اپنے طریقے سے کرسکے۔
٭ کوئی بھی تلخی یا مسئلہ پیدا ہونے کی صورت میں ٹھنڈے دل سے اور صاف گوئی سے اسے حل کریں۔ مسائل کو وقت دے کر بگڑنے مت دیں بلکہ ان پر جلد توجہ دیں اور کمپرومائز کرنا سیکھیں۔