’عورتوں کو گھرو ں میں تالے لگا کر اور سوشل میڈیا سے دور رکھو‘مسلم لیگ کے سربراہ اپنے شرمناک اقدام کے دفاع میں خواتین پر برس پڑے
گروزنی (نیوز ڈیسک) چیچنیا کے روس نواز صدر رمضان قادیروف کمسنی کی شادی کے دفاع میں متنازع بیان دینے کے بعد تنقید کا نشانہ بنے تو اپنا دفاع کرتے ہوئے خواتین کے بارے میں ایک اور افسوسناک بیان دے کر مزید مصیبت میں پھنس گئے۔
مزیدپڑھیں:4بیگمات والے چینی دھوکہ باز نے شادیوں کے شوق کے پیچھے چھپی حیر ت انگیز وجہ تبا دی
صدر قادیروف کے ایک قریبی ساتھی نزود گوچیگوف، جن کی عمر 48 سال ہے، کی ایک 17 سالہ لڑکی سے شادی کی خبر مقامی میڈیا میں شائع ہوئی تو انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ مقامی اخبار ”نووایا گزیٹا“ نے اپریل کے آخر میں خبر شائع کی تھی کہ پولیس سربراہ نزود گوچیگوف نے 17سالہ لڑکی کے گھر والوں کو دھمکی دی تھی کہ وہ اسے رخصت کریں ورنہ وہ زبردستی لڑکی کو لے جائے گا۔ صدر قادیروف نے اپنے ساتھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے معاملے کی تفتیش کی ہے اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 17 سالہ دلہن اور اس کا خاندان شادی کے لئے راضی تھے۔ صدر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور تنقید کی اور خصوصاً خواتین نے ان کے خیالات کا مذاق اڑایا اور ان کے نظریات کو افسوسناک قراردیا۔ وہ اس صورتحال پر مزید مشتعل ہوگئے اور ایک بیان میں کہا کہ خواتین کی فضول باتوں کا علاج یہ ہے کہ انہیں گھروں میں تالا لگا کر رکھا جائے اور ان کے سوشل میڈیا کے استعمال پر مکمل پابندی ہونا چاہیے۔ اس بیان پر قادیروف کے خلاف ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے اور انہیں فرسودہ نظریات کا مالک اور حقوق نسواں کا دشمن قرار دیا جارہا ہے۔
ایک کے بعد ایک متنازعہ بیان دینے کے باوجود چیچن صدر اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کچھ نام نہاد لبرل لوگوں نے چیچنیا کے خلاف طوفان برپا کررکھا ہے اور انہوں نے اپنے موقف کے حق میں دلائل دیتے ہوئے معمر مردوں کی کمسن لڑکیوں کے ساتھ شادیوں کی کئی مثالیں بھی پیش کی ہیں، لیکن ان کے خلاف تنقید اور احتجاج ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔