سعودی شوہر بیماری کا بہانہ بنا کر بیوی کی دولت پر مصر میں رنگ رلیاں مناتے رنگے ہاتھوں پکڑاگیا ، خاتون عدالت پہنچ گئی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی شوہر بیماری کا بہانہ بنا کر بیوی کی دولت کے بل پر مصر میں رنگ رلیاں مناتا رہا ، رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر مشکل میں پڑ گیا ۔ اماراتی نیوز ویب سائٹ 24/7میں شائع خبر میں بتایا گیا ہے کہ ایک سعودی خاتون نے یہ جان کر کہ اس کا خاوند بیماری ہے اور اسے علاج کے لئے مصر جانے کی ضرورت ہے اسے اپنے اخراجات پر مصر بھیجا اور علاج معالجہ کے لئے بھی خطیر رقم دی لیکن بعد میں پتہ چلا کہ وہ کسی ہسپتال میں اپنا علاج نہیں کروا رہا بلکہ رقم بار اور کلبوں میںاُڑا رہا ہے ۔ سعودی شوہر نے مصر میں عیاشی کے لئے اپنی بیوی سے کہا کہ اسے علاج کے لئے چند روز وہاں قیام کرنا پڑے گا ، اسے وہاں گئے وہ ماہ بیت گئے ہیں ، اس دوران وہ اور پیسے منگواتا رہا ۔شوہر کی چوری اس وقت پکڑی گئی جب اس نے اپنے ہم زلف کو ایک نائٹ کلب میں خاتون ڈانسر پر نوٹوں کی بارش کرتے ہوئے موبائل فون پر بنائی گئی تصاویر بھیجیں ۔ حادثاتی طور پر وہ تصاویر اُس شخص کی سالی کے ہتھے چڑھ گئیں جو اس نے اپنی بہن کو بھیج دیں ۔ سعودی خاتون مصر کے بار اور نائٹ کلبوں میں اپنے شوہر کی عیاشیوں کا منظر دیکھ کر سکتے میں آ گئی ۔ خاتون نے نہ صرف اپنے شوہر سے طلاق لینے کے لئے عدالت میں کیس دائر کر دیا ہے بلکہ اپنی تمام تر رقم واپس لینے اور بچوں کو ماہانہ خرچ کا دعویٰ بھی کر دیا ہے ۔