قبر کھودنے والے میاں بیوی گرفتار، ایسا اقدام کیوں کیا اور پولیس کو قبر سے کیا ملا؟ ایسا انکشاف کہ جان کر ہی انسان گھبراجائے
میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) سپین میں ایک میاں بیوی کو قبر کھودنے اورانسانی باقیات کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس جوڑے نے پولیس کو اپنی اس کرتوت کی ایسی وجہ بتائی کہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ یہ واقعہ سپین کے شہر الیکانٹ (Alicant)کے ایک قبرستان میں پیش آیا۔ قبرستان کے ورکرز صبح کام پر پہنچے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک قبر کھدی ہوئی تھی اور اس میں سے انسانی ہڈیاں باہر نکال کر ادھر ادھر بکھیر دی گئی تھیں۔ ان ہڈیوں کے درمیان دو گڑیائیں، جن میں سوئیاں پروئی ہوئی تھیں، باہم بندھی ہوئی موجود تھی، جن کے پاس کچھ کھانے پینے کی اشیاءاور شراب سے بھرے دوکپ رکھے گئے تھے اور ایک موم بتی بھی جلائی گئی تھی۔ یہ سب کچھ جادوئی عمل کے لیے کیا جاتا ہے۔
مزید جانئے: دو عالمی طاقتوں کے درمیان جنگ، قدرتی آفات میں شدت اور تیسری دنیا سے اٹھنے والا پراسرار لیڈر، تاریخ کے مشہور شخص کی آخری وقتوں کے بارے میں تہلکہ خیز پیشنگوئیاں منظر عام پر
پولیس کے گرفتار کرنے پر 37سالہ شوہر اور34سالہ بیوی نے بتایا کہ ”ہم نے یہ جادوئی عمل اپنے تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے کیا ہے۔“اس کے علاوہ انہوں نے یہ وجہ بھی بتائی کہ خاتون کی اس سے قبل بھی شادی ہوئی تھی اور وہ اپنے پہلے شوہر کو بھلا نہیں پا رہی تھی۔ اس کے پہلے شوہر سے تعلق کو ختم کرنے کے لیے بھی یہ عمل کیا گیا۔پولیس کو اس جوڑے کو تلاش کرنے میں کچھ دن لگے۔ گرفتاری کے بعد انہوں نے اعتراف جرم کر لیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ”مردشیطان پرستی پر مبنی افریقی مذہب سینٹریا(Santeria) کا پیروکار ہے جس میں اس طرح کی جادوئی رسومات پائی جاتی ہیں۔ دونوں میاں بیوی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے اور ان کا مقدمہ عدالت بھیج دیا گیا ہے، جلد وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔“رپورٹ کے مطابق الیکانٹ کے اس قبرستان میں اس طرح کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔