وہ آدمی جو آنے والے دنوں میں فرانس کا صدر بن سکتا ہے، اپنی بیگم سے اس کا دراصل کیا رشتہ ہے؟ دونوں کا انتہائی شرمناک ماضی منظر عام پر آگیا
پیرس (نیوز ڈیسک) صرف 39 سال کی عمر میں ایمانوئل میک غوں طاقتور یورپی ملک فرانس کے اگلے صدر بنتے نظر آرہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ان کی شاندار کامیابی نے 7مئی کو منعقد ہونے والے اگلے مرحلے میں بھی ان کی کامیابی کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ان کی غیر معمولی کامیابی یقیناًحیران کن ہے، لیکن اکثر لوگ ان کے ماضی کے ایک ایسے پہلو سے نا آشنا ہیں جو اس سے بھی زیادہ حیرتناک ہے۔ ان کی زندگی کا یہ خفیہ پہلو ان کی اہلیہ برجٹ میک غوں ہیں، جو سکول میں ان کی ٹیچر ہوا کرتی تھیں۔
دی انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق اگر ایمانوئل میک غوں فرانس کے صدر بن گئے تو برجٹ میک غوں ایک ایسی خاتون اول ہوں گی جس کی مثال دنیا نے شاید پہلے کبھی نہ دیکھی ہوگی ۔ اس سے پہلے فرانسیسی خواتین اول اپنی عیاشیوں، خفیہ معاشقوں، باغیانہ خیالات اور حتیٰ کہ مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے خبروں میں رہتی تھیں، لیکن برجٹ میک غوں اس حوالے سے نہایت منفرد ہیں کہ انہوں نے ایمانوئل میک غوں کو انگلی پکڑ کر اس مرتبے تک پہنچایا ہے۔ جی ہاں، واقعی ایسا ہے کیونکہ برجٹ میک غوں ایمانوئل میک غوں سے عمر میں 24 سال بڑی ہیں، اور اس وقت سے ان کی رہنمائی کررہی ہیں جب وہ صرف 15 سال کے تھے۔
ان کی پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب ایمانوئل اپنی ٹیچر برجٹ میک غوں کی آرٹ کی کلاس میں بطور طالب علم پہنچے۔ وہ ان کے نوعمر شاگرد تھے لیکن ان کی محبت میں ایسے گرفتار ہوئے کہ ہر کسی کی شدید مخالفت کے باوجود ان سے شادی کر لی۔ اب ایمانوئل کی عمر 39 سال ہے اور برجٹ 63 سال کی ہیں۔
برجٹ کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے اور وہ ہائی سکول میں فرانسیسی ادب اور لاطینی زبان کی ٹیچر تھیں۔ 1992ء میں جب وہ ایک کلاس کو ڈرامے کی تربیت دے رہی تھیں تو ان کے شاگردوں میں 15سالہ ایمانوئل بھی شامل تھے۔ ایمانوئل سے محبت ہونے کے بعد انہوں نے اپنے خاوند سے طلاق لے لی۔ ان کے تین بچے بھی تھے، لیکن پھر بھی انہوں نے طلاق لی اور اپنے شاگرد سے شادی کر لی۔
ایمانوئل اپنی اہلیہ برجٹ کی رہنمائی کے ہمیشہ معترف ہیں۔ا پنے ایک حالیہ خطاب میں بھی ان کا کہنا تھا ’’میں آج جو کچھ بھی ہوں برجٹ کی وجہ سے ہوں۔ ان کے بغیر میں کچھ بھی نہیں۔‘‘