بھارت میں ٹرین کا ٹکٹ ہوائی جہاز کے ٹکٹ سے مہنگا ہو گیا ،دو ہزار میں ملنے والی ٹکٹ اب کتنے پیسوں میں ملے گی ؟ ایسی تفصیلات سامنے آ گئیں کہ آپ کو یقین ہی نہیں آئے گا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہندوستان کی ریل سروس نے ملک میں کافی ترقی کی ہے ،جبکہ پاکستان میں بھی بھارتی ریل سروس کی اکثر مثالیں دی جاتی ہیں لیکن ایسے میں انڈیا سے خبر آئی ہے کہ اگلے ماہ سے بھارت میں ٹرین کا سفر ہوائی جہاز سے بھی مہنگا ہو جائے گا لیکن اس کے باوجو د ٹکٹوں کی مانگ میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں دیوالی اور پوجا کا تہوار پورے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے جبکہ ممبئی سے پٹنہ کی طرف ان تین دنوں کے درمیان لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے ،اکتوبر میں ٹرین مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعدادکو دیکھتے ہوئے بھارتی ریلوے نے 4ہزار سے زائد اضافی بوگیوں اور خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے ،اضافی ٹرینوں کے انتظام کے ساتھ ہی بھارتی ریلوے ان ٹرینوں کا کرایہ بھی عام ریل گاڑیوں سے 2سے 3گنا بڑھ جاتا ہے ۔17اکتوبر ممبئی سے پٹنہ جانے والی ’’سہولت ایکسپریس ‘‘ کا عام دنوں میں کرایہ 2ہزار 3سو 81روپے ہوتا ہے لیکن دیوالی کے تہوار اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان تین دنوں کے درمیان اسی ٹرین کا کرایہ 6ہزار2سو62روپے سے شروع ہو کر 9ہزار ایک سو35روپے ہو جاتا ہے جبکہ اسی دن ممبئی سے پٹنہ ہوائی سفر کی ٹکٹ 7ہزار 500روپے سے9000کے درمیان با آسانی مل جاتی ہے ۔واضح رہے کہ ریل کے کرایوں میں ہونے والا اضافہ صرف ممبئی سے پٹنہ جانے والے مسافروں پر ہی لاگو ہوتا ہے ،جبکہ ان دو شہروں میں جیسے جیسے مسافروں کی تعداد بڑھتی جاتی ہے ٹکٹس کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنا شروع کر دیتی ہیں ،جیسے ہی ٹکٹوں کی 80فیصد بکنگ مکمل ہو جاتی ہے تو ٹرین کا بنیادی کرایہ تین گنا بڑھ جاتا ہے ۔