اپنی والدہ کے پاﺅں دھو کر پینے کی پاکستانی نوجوان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں ہوشربااضافے اور تیزترانٹرنیٹ کی فراہمی کی وجہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے جہاں کئی نئے نئے ٹیلنٹ سامنے آرہے ہیں ، وہیں کئی ایسی ویڈیو زبھی سامنے آرہی ہیں جن کی مثال ڈھونڈنا مشکل ہوجاتاہے ، ایسی ہی ایک ویڈیو پاکستانی شہری نے شیئرکردی جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ وہ اپنی والدہ کے پاﺅں دھوکر پی رہاہے جبکہ اسی دوران مبینہ طورپر اس فرمانبردار صاحبزادے کی اہلیہ ان مناظر کو کیمرے میں فلماتی رہیں۔
لاہور کے راجہ عمیر حسین نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں اُنہیں اپنی والدہ کے پاﺅں دھو کر پانی پیتے جاسکتاہے اور ساتھ ہی بتایاکہ ’ میری خواہش ہے کہ ہربیٹااپنی ماں کی کم ازکم اتنی توعزت کرے، ان کی خدمات کا بدلہ تو نہیں چکاسکتے ،کم ازکم اپنی پیارمحبت کااظہار یہ سب کچھ کرکے ضرور کریں،امی کے پاﺅں دھو کر پیتا ہوں، اپنی لمبی داڑھی کیساتھ بھی 100یا 101دن پاﺅں دھوکر پانی پینے کی توفیق ملی،یہ بھی بتادوں کہ فلم میری بیوی بنارہی ہیں‘ اور پھر والدہ کے دھوئے ہوئے پاﺅں چومتے ہوئے بتایاکہ اس تکلیف کے بعد والدہ سے معافی بھی مانگتاہوںجس پر اس کی والدہ نے دعادیتے ہوئے کہاکہ ’آپ پر رحمتیں نازل ہوں اوراللہ تعالیٰ کسی کا محتاج نہ کرے‘۔
سوشل میڈیا پر شیئرہوتے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی جہاں بیشتر لوگوں نے اسے سراہا لیکن چندلوگوں نے اسے سستی شہرت کے حصول کا طریقہ قراردیا۔بیشتر صارفین نے اس ویڈیو کو والدہ کی خدمات کے اعتراف میں مختصر ساجواب اور نافرمان اولاد کیلئے ایک مثال قراردیدیا اور والدہ کے پاﺅں کا پانی پینے والے کو داد دی لیکن چند لوگ ایسے بھی تھے جنہیں یہ کام ناگوار گزرا یا ناپسندیدہ قرارپایا۔ ساجد بزمی نے اس کو ڈرامے بازی قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ غلط ہے ، والدین کی فرمانبرداری ، احترام اور خدمت کا مطلب پاﺅں دھوکر پینا ہی ہوتاہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پاﺅں پانی سے دھوکر وہی پانی پیاجائے ،یہ ہندوﺅں کا کام ہے۔خان سویٹ نے لکھاکہ جو لوگ عزت کرتے ہیں ، وہ دکھاوا نہیں کرتے ، عزت دل میں ہوتی ہے ۔
ابوطلال خان سواتی نے کہاکہ یہ اسلام میں کہاں لکھا ہے کہ پاﺅں دھوکر پانی ہئیں۔ کسی اور نے لکھاکہ یہ نہ ہی اسلام ہے اور نہ ہی احترام ، کل کو پاﺅں چوسنا بھی شرو ع ہوجائیں گے ۔مدثر انصاری نے لکھاکہ بہت اچھا، ہم کچھ بھی کرلیں ، اپنے ماں باپ کا قرض نہیں اداکرسکتے لیکن یہ باتیں اپنے آپ تک رہیں تو اچھا ہے ، لوگوں کو دکھانے کی ضرورت نہیں۔محمد جاوید نے لکھاکہ والدین کی جتنی بھی خدمت کروکم ، لیکن ایسا(پاﺅں دھوکر پینے کا) قرآن مجیدو حدیث میں اس طرح کاکوئی حکم نہیں۔الائس فوسٹرنے اس ویڈیو کو شہرت کے حصول کا اوچھا ہتھکنڈا قراردیا۔ اسی طرح کچھ لوگوں نے کسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کرتے ہوئے صرف اتنا لکھاکہ ’معلوم نہیں‘ ۔اب تک اس ویڈیو کو ہزاروں بار شیئرکیا جاچکے ہیں جبکہ ہزاروں ہی لوگوں نے اپنا اپنا نقطہ نظر بیان کیااور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ویڈیو دیکھئے