ایمریٹس ائیر لائنز نے اکانومی میں سفر کرنے والے مسافروں کی بھی موجیں لگادیں ،اہم سہولت متعارف
دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئرلائن بزنس اور فرسٹ کلاس کے بعد اب اکانومی کلاس کے لئے بھی دنیا کی بہترین انٹرٹینمنٹ سہولیات متعارف کروارہی ہے۔
”ایمریٹس 247“ کے مطابق جون کے اختتام سے ایئرلائن کے تمام A380 طیاروں میں خاص قسم کے نئے ہیڈ سیٹ فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ بوئنگ 777 طیاروں میں یہی سہولت رواں سال کے آخر میں فراہم کی جائے گی۔ یہ ہیڈ سیٹ ایئرلائن کے آئس ڈیجیٹل وائڈ سکرین انٹرٹینمنٹ سسٹم میں نئی اپ ڈیٹ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نئے ڈیزائن میں آڈیو کوالٹی کو بہتر کیا گیا ہے، ان میں شور کو ناہونے کے برابر کردیا گیا ہے جبکہ سہولت اور آرام کے لئے ان کی شکل چوکور بنانے کے علاوہ کانوں کے آرام کے لئے پریمیئم لیدر کشن بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل وائڈ سکرین انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے مسافر تقریباً 2000 چینلز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جن میں سے 75 بچوں کے لئے مخصوص ہیں۔ بچوں کے لئے قدرے چھوٹے ہیڈ سیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس سسٹم میں دنیا بھر کی پانچ سو سے زیادہ فلمیں، سینکڑوں گھنٹے پر مشتمل ٹی وی پروگرام اور ہزاروں گھنٹوں پر مشتمل ہمعصر اور کلاسیکل موسیقی بھی دستیاب ہے۔ اس سسٹم کو سال 2014ءکا بہترین دوران پرواز انٹرٹینمنٹ سسٹم قرار دیا جاچکا ہے۔