حکومت نے پاکستانی شہری کو اپنا مذہب تبدیل کرکے یہودی بننے کی اجازت دیدی

حکومت نے پاکستانی شہری کو اپنا مذہب تبدیل کرکے یہودی بننے کی اجازت دیدی
حکومت نے پاکستانی شہری کو اپنا مذہب تبدیل کرکے یہودی بننے کی اجازت دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت پاکستان نے پاکستانی شہری کو اپنا مذہب تبدیل کرکے اپنی مرضی سے یہودیت اپنانے کی اجازت دیدی اور اس ضمن میں نادرا کا ترمیم شدہ سمارٹ کارڈ جاری ہونا باقی ہے.
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق وزارت داخلہ نے فشل بن خالد کی درخواست پر منظوری دیدی ہے جس میں اس نے استدعا کی تھی کہ اسے مسلمان سے یہودی ہونے سے متعلق شناختی دستاویزات میں ترمیم کی اجازت دیں،نادرا ریکارڈ کے مطابق بن خالدیعنی شناختی کارڈ کے نام کے مطابق فیصل، مسلمان کے طورپر رجسٹرڈ ہے اور کراچی میں 1987ءمیں پیدا ہوا اور اپنے باپ کے مذہب کی وجہ سے مسلمان رجسٹرڈ ہے تاہم اس نے نادرا سے اپیل کی کہ اس کی مرضی کے مطابق شناختی کارڈ میں بھی مذہب یہودی لکھا جائے جس کیلئے اس نے گزشتہ سال درخواست دی تھی۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نادرا نے اس ضمن میں وزارت داخلہ سے رائے لینے کے لیے رجوع کیا جس کے جواب میں وزارت نے لکھاکہ ’درخواست گزار کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ اپنی مرضی کے مطابق عقیدہ اختیار کرسکتاہے‘۔عمومی طورپر نادراملک کے مذہبی ماحول کی حساسیت کی وجہ سے ایسی درخواستیں بالخصوص جن میں اسلام چھوڑکر کسی اور مذہب کو اختیار کرنے کا کہاگیا ہومسترد کردیتا ہے ، وزارت داخلہ سے گرین سگنل ملنے کے بعد بن خالد کو ترمیم شدہ شناختی دستاویزات جاری ہونا باقی ہیں ۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ اور نادرا کے درمیان رابطہ فروری اور مارچ میں ہواجبکہ بن خالد نے اپنی پسند کا مذہب اپنانے کی اجازت ملنے پر وزارت داخلہ ، نادرا اور متعلقہ حکام کا شکریہ اداکیااور دعویٰ کیا کہ ’میں نے بچپن میں اسلام کے بارے میں پڑھا تھا لیکن کبھی مذہب کے طورپر اس کو نہیں اپنایا، وہ مصر سے آزادی کی یاد میں اپریل میں ہونیوالے جشن اورمذہبی تقریب میں بھی پاکستانی حکام کی طرف سے اس رویہ کا پرچار کرے گا‘۔بن خالد کے مطابق ملک میں جاری مردم شماری کے دوران مذہب کے خانے میں اس نے یہودیت ہی لکھوائی ہے ، دونوں ماں باپ 1996ءاور 1998انتقال کرچکے ہیں۔ کراچی میں یہودیوں کے ایک پرانے قبرستان کے تحفظ کیلئے سرگرم بن خالد کا کہناتھاکہ ’پہلی کامیابی ملنے کے بعد وہ پرانے قبرستان کے تحفظ کیلئے کاوش کرے گا‘۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چند سویہودی خاندان مقیم ہیں اور وہ بھی اپنی شناخت چھپاتے ہیں اورنادرا حکام کے مطابق ایسے افراد کا پتہ وغیرہ بھی نہایت خفیہ رکھا جاتاہے ، پاکستان میں تقریباً 745رجسٹرڈ خاندان مقیم ہیں۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اس شخص کی کہانی نے عالمی میڈیا کی توجہ بھی حاصل کرلی تھی جسے ’پاکستان کا آخری یہودی‘ قراردیاگیاتھا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -