وہ آدمی جو سال میں ایک دن 100 گاﺅں کا بادشاہ ہوتا ہے لیکن باقی 364 دن ڈھابے پر چائے والا، مگر کیوں؟ ایسی تفصیلات کہ جان کر آپ بھی چکرا کر رہ جائیں گے
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارتی شہر آگرہ سے 30 کلومیٹرکی دوری پر واقع بامان گاؤں کے لوگوں نے گزشتہ جمعرات کے روز اپنے 50 سالہ بادشاہ جوالا سنگھ کی سالگرہ منائی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ بادشاہ سال کے باقی تمام دن سڑک کنارے ایک ڈھابہ چلاتا ہے۔
بامان کے باسیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ہاں بادشاہ کی سالگرہ منانے کی روایت ڈیڑھ صدی پرانی ہے۔ جوالا سنگھ، جو کہ روزانہ اپنی محنت مزدوری سے محض 100 سے 150 روپے کماتا ہے، تہوار والے دن ایک سیاہ گھوڑے پر سوار ہوتا ہے اور شاہی لباس زیب تن کرکے پورے گاؤں کا چکر لگاتا ہے، جبکہ گاؤں والے اس کی رعایا کے طور پر نعرے لگاتے ہوئے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ گاؤں والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جوالا سنگھ کے آباؤ اجداد واقعی حکمران تھے، لیکن وقت نے ان سے حکمرانی اور دولت چھین لی۔
اگرچہ جوالا سنگھ سال میں ایک دن کا بادشاہ ہے لیکن اس کے باوجود نہ صرف اس کے اپنے گاؤں والے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہیں بلکہ آس پاس کے دیہاتوں کے لوگ بھی اس کی آشیرباد لینے کے لئے خاص طور پر قطار بنا کر اس کا انتظار کرتے ہیں۔