گزشتہ 41 سال سے ایک دوسرے کے بہترین دوست دو مردوں کے سامنے اپنے والدین کے بارے میں ایسا انکشاف آ گیا کہ آنسو روکنا مشکل ہو گیا،ہنگامہ برپا کر دیا کیونکہ۔۔۔
اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلموں میں اکثر ایسے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں بچپن میں بچھڑنے والے ادھیڑعمری میں جا کر آپس میں ملتے ہیں مگر کینیڈا میں دو اشخاص کے ساتھ حقیقی زندگی میں اس سے بھی بڑھ کر ایسا واقعہ پیش آ گیا ہے جسے آپ انہونی بھی کہہ سکتے ہیں۔ کینیڈین ٹی 9نیوز کی رپورٹ کے مطابق لیون سوینسن اور ڈیوڈ ٹیٹ جونیئر نامی یہ دو اشخاص 41سال سے ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں اور اب جا کر ان پر یہ بھید کھلا ہے کہ پیدائش کے فوری بعد وہ دونوں آپس میں تبدیل ہو گئے تھے اور ایک دوسرے کے والدین کے ہاں پرورش پائی اور پلے بڑھے۔ رپورٹ کے مطابق لیون سوینسن 31جنوری 1975ءکو ناروے ہاﺅس انڈین ہسپتال میں پیدا ہوا جبکہ ڈیوڈ کی بھی اسی ہسپتال میں تین دن بعد پیدائش ہوئی لیکن ہسپتال انتظامیہ نے غلطی سے لیون کو ڈیوڈ اور ڈیوڈ کو لیون کے والدین کے حوالے کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں ان دونوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے گئے۔ ڈیوڈ کی رپورٹ آ گئی ہے جس سے ثابت ہوا ہے کہ وہ دراصل ان والدین کا بیٹا ہے جن کے ہاں لیون نے پرورش پائی۔ لیون کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ یہ بات جان کر دونوں دوستوں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ ”مجھے جواب چاہیے، مجھے جواب چاہیے، ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں، ہماری زندگیوں کے 41برس ضائع ہو گئے، اب صرف پریشان خیالی ہے، ہم مضطرب ہیں اور غصے میں ہیں۔“
لیون کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے مگر دونوں خاندانوں کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ لیون ہی دوسرے والدین کا بیٹا ہے جو ڈیوڈ کے ساتھ تبدیل ہوا۔ اسی علاقے میں ڈیوڈ اور لیون سے محض پانچ دن قبل پیدا ہونے والے دو افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ سے بھی ایسا ہی نتیجہ برآمد ہوا تھا۔ وہ بھی اسی ہسپتال میں پیدا ہوئے تھے۔ اس پر ڈیوڈ اور لیون نے بھی اپنے ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا اور ان کا نتیجہ بھی وہی برآمد ہوا۔