بیوی نے اپنے اغواء کا ڈرامہ رچا کر شوہر سے کیا مطالبہ کیا؟ کوئی بیوی ایسا بھی کرسکتی ہے؟ یقین کرنا مشکل
کولمبو (نیوز ڈیسک) شریک حیات سے بے وفائی بھی کچھ کم شرمناک جرم نہیں مگر ایک سری لنکن خاتون نے صرف اسی پر اکتفاء نہیں کیا بلکہ آشناء کے ساتھ مل کر شوہر کو لوٹنے کیلئے اپنے اغواء کا ڈرامہ بھی کردیا۔
نیوز سائٹ ’’گوسپ لنکا‘‘ کے مطابق 35 سالہ چالباز خاتون، جو کہ دو بچوں کی ماں بھی ہے، کا تعلق ہیٹی پول کے علاقے سے ہے اور وہ ایک عرصے سے ایک غیر شادی شدہ فوجی کے ساتھ تعلق استوار کئے ہوئے تھی۔ دونوں کے درمیان اکثر ملاقاتیں بھی ہوتی تھیں لیکن بیچارے شوہر کو اس معاملے کا علم نہ تھا۔ جب خاتون کے آشناء فوجی کو کچھ رقم کی ضرورت پڑی تو دونوں نے ملکر خاتون کے جعلی اغواء کا شرمناک منصوبہ بنایا تا کہ اس کے خاوند سے مطلوبہ رقم لوٹی جاسکے۔
دونوں نے منصوبہ بنایا اور خاتون شوہر کی غیر موجودگی میں آشناء کے پاس پہنچی اور اس کے فون سے خاوند کے ساتھ رابطہ کرکے بتایا کہ اسے اغواء کرلیا گیا ہے۔ بدکردار فوجی نے بھی خاتون کے شوہر کو فون کرکے بتایا کہ اگر وہ بیوی کی واپسی چاہتا ہے تو 5 لاکھ سری لنکن روپے ادا کرے، ورنہ اس کی بیوی کو قتل کردیا جائے گا۔
بیچارے شوہر نے صورتحال سے گھبراکر پولیس سے رابطہ کرلیا اور جب پولیس نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ دونوں ایک قریبی علاقے میں موجود تھے۔ جب پولیس نے چھاپہ مارا تو خاتون اور اسے اغواء کرنے والا فوجی موج مستی میں مصروف تھے۔ دونوں کی گرفتاری کے بعد ان کے درمیان طویل عرصے سے جاری ناجائز تعلق کا بھی انکشاف ہوگیا۔ پولیس نے ضروری شواہد جمع کرنے کے بعد دونوں کو عدالت میں پیش کردیا۔