بلآخر ایئرلائنز نے آپ کی توجہ حاصل کرنے کا طریقہ ڈھونڈ لیا
ولنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)طیاروں میں نت نئی سہولیات متعارف کروانا ہو یا خوبصورت ایئرہوسٹس ہوں، حتیٰ کہ دوران پرواز مسافروں کو ہدایات دینے کے لیے بنائی جانے والی ویڈیوز کے ذریعے بھی دنیا بھر کی ایئرلائنز مسافروں کو لبھانے کے لیے ہمیشہ ایک دوسرے سے مقابلے میں رہی ہیں۔ لیکن اس بارنیوزی لینڈ کی ایئرلائن سب پر سبقت لے گئی ہے۔
ایئرلائن نے مسافروں کو بیلٹ باندھنے ، لائف جیکٹس تلاش کرنے و دیگر ہدایات کے بنائی جانے والی ویڈیو میں دنیا کی خوبصورت ترین سپرماڈلز کی خدمات حاصل کر لی ہیں، جو انتہائی مختصر لباس پہنے ویڈیو میں جلوہ گر ہوتی ہیں اور مسافروں کو دوران پرواز حفاظتی تدابیر اختیار کرنے بارے ہدایات دیتی ہیں۔ایئر نیوزی لینڈ کی اس6منٹ کی ویڈیو میں 25ماڈلز ، جن میں سے بعض نے سوئمنگ سوٹ پہن رکھے ہیں، دیگر کا لباس بھی انتہائی مختصر ہے، بظاہر مسافروں کو حفاظتی تدابیر بتا رہی ہیں لیکن پس پردہ اس کا مقصد مسافروں کو اپنی ایئرلائن کے ساتھ سفر کرنے کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رکھا ہے، صرف یوٹیوب پر اب تک اس ویڈیو کو 30لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ایئرفرانس نے بھی اپنی نئی ویڈیو میں ایک خوبصورت خاتون کی خدمات حاصل کی ہیں، ایئر فرانس کی ویڈیو کا دورانیہ 4منٹ ہے جس میں ایک خاتون کو فلائٹ اٹینڈنٹ کی وردی میں دکھایا گیا ہے جو مسافروں کو انگلش اور فرانسیسی زبانوں میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دیتی ہے۔